Sunday , October 21 2018
Home / دنیا / جاپان کی بلیٹ ٹرین میں شگاف ، بڑا حادثہ ٹل گیا

جاپان کی بلیٹ ٹرین میں شگاف ، بڑا حادثہ ٹل گیا

ٹوکیو۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاپان کی بلیٹ ٹرین کے یوں تو ساری دنیا میں چرچے ہیں اور ہر ملک یہ چاہتا ہے کہ جاپان کی طرز پر وہاں بھی بلیٹ ٹرین خدمات شروع کی جاسکے تاہم جاپان میں شاید ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ شہرۂ آفاق ٹرین میں کچھ ایسے شگاف پائے گئے جن کی وجہ سے ریل پٹریوں سے اُتر سکتی تھی اور ایک بڑا حادثہ ہوسکتا تھا ۔ پیر کے روز شنکانسین ’’بلیٹ ٹرین‘‘ میں ٹرین میں موجود اٹینڈرس کو کسی شئے کے جلنے کی بو محسوس ہوئی اور پچھلے اسٹیشن سے روانہ ہونے کے بعد ٹرین میں کچھ ایسی آوازیں آرہی تھیں جو اس سے قبل انہوں نے کبھی نہیں سنی تھیں۔ وسطی جاپان کے ناگویا اسٹیشن پر ٹرین کی معمول کے مطابق جانچ پڑتال کی گئی جس کے فوری بعد انسپکٹرس نے ٹرین کے چیاسیس میں ایک شگاف دیکھا اور ساتھ ہی ساتھ تیل بھی پجر رہا تھا۔ دریں اثناء ٹرانسپورٹ عہدیداروں نے کہا کہ ٹرین کی جانچ پڑتال نہ کی جاتی اور وہ اپنا سفر جاری رکھتی تو شگاف کی وجہ سے ٹرین پٹریوں سے اتر سکتی تھی اور بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔ ٹرین پر اس وقت 1000 مسافرین سوار تھے جنہیں دیگر ٹرینوں کے ذریعہ ان کی منزل مقصود کیلئے روانہ کیا گیا۔ جاپان کے ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے اس واقعہ (حادثہ )کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اسے غیرمعمولی واقعہ بتایا اور کہا کہ یہ واقعہ حادثہ بھی بن سکتا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ قبل ازیں جاپان کی شکانسین بلیٹ ٹرینیں زلزلہ کے باعث پٹریوں سے اُتر چکی ہیں لیکن ان میں نہ کوئی ہلاک ہوا اور نہ زخمی۔

TOPPOPULARRECENT