Tuesday , November 21 2017
Home / جرائم و حادثات / جبراً وصولی کرنے والی ٹولی بے نقاب ، پانچ افراد گرفتار

جبراً وصولی کرنے والی ٹولی بے نقاب ، پانچ افراد گرفتار

کرایہ کے نام پر مکانداروں کو اذیت پہونچانے کا الزام ، سائبرآباد پولیس
حیدرآباد /12 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے جبراً وصولی کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے انکے قبضہ سے طلائی زیورات اور نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرایہ کا مکان حاصل کرنے کے بہانے مکان مالک کو طلب کرتے ہوئے اس ٹولی نے مکان مالک کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا اور اس کے قبضہ سے طلائی زیورات کو چھین لیا تھا ۔ پولیس کے مطابق 59 سالہ شخص رمیش بابو جو قطب اللہ پور علاقہ کا ساکن ہے پیشہ سے تاجر بتایا گیا ہے ۔ اس شخص نے جے کے نگر میں واقع اپنے ایک اور مکان کو کرایہ پر دینے کا اعلان کیا ۔ اس دوران ایک شخص شرما رجوع ہوا اور اس نے رمیش بابو کو طلب کیا اور مکان حاصل کرنے کی خواہش کی تھی ۔ اس دوران 4 افراد مکان میں داخل ہوگئے اور رمیش بابو کو شدید زدوکوب کیا ۔ اس ٹولی نے رمیش کے قبضہ سے ڈھائی تولہ اور ایک تولہ کے طلائی زیورات کو چھین لیا اور اے ٹی ایم کے ذریعہ 50 ہزار نقد رقم کو نکال لیا ۔ اس ٹولی نے مکان مالک کو اپنے قبضہ میں رکھتے ہوئے 14 لاکھ روپئے بنک کھاتے سے نکالنے کی کوشش کی ۔ تاہم اس موقع پر رمیش بابو کی چالاکی کے سبب بنک منیجر کے تعاون سے پولیس کو طلب کرلیا ۔ پولیس بنک پہونچنے سے قبل ہی ٹولی فرار ہوگئی ۔ سائبرآباد پولیس نے واردات کی انجام دہی کے دوسرے دن سوچترا کے علاقہ میں اس ٹولی کو گرفتار کرلیا جو مشتبہ حالت میں گشت کر رہی تھی ۔ پولیس نے 36 سالہ پی اے راؤ عرف شرما 24 سالہ جے ناگیندر بابو ساکنان گنٹور 30 سالہ رمیش ساکن نکریکل منڈل ضلع گنٹور 52 سالہ وی چندرا مولی ساکن قطب اللہ پور اور 49 سالہ بی چنا شنکر راؤ ساکن راج پلی منڈل ساکن گنٹور کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا ۔

TOPPOPULARRECENT