Monday , July 16 2018
Home / ہندوستان / ججس رشوت الزامات کا کیس ایس آئی ٹی تحقیقات سے سپریم کورٹ کا انکار

ججس رشوت الزامات کا کیس ایس آئی ٹی تحقیقات سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج ایک درخواست مسترد کردی ہے جس میں استدعا کی گئی تھی کہ ججس کے نام پر رشوت کے مبینہ مقدمہ کی ایس آئی ٹی تحقیقات کا حکم دیا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کی درخواست سے ججس کے تعلق سے غیرضروری شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے وکیل کامنی جیسوال کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا اور یہ واضح کیا کہ سی بی آئی کا ایف آئی آر کسی جج کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی کسی جج کے خلاف ایسی شکایت درج کرنا ممکن ہے ۔ تاہم عدالت نے جیسوال کے خلاف تحقیر عدالت کی کوئی نوٹس جاری نہیں کی ۔ جسٹس آر کے اگروال ‘ جسٹس ارون مصرا اور جسٹس اے ایم کھانولکر پر مشتمل ایک بنچ نے اس معاملہ میں ایک جج کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ایسی کوششیں کرنا مناسب نہیں ہے ۔ جیسوال نے سینئر ایڈوکیٹ شانتی بھوشن اور پرشانت بھوشن کے ذرعیہ جسٹس کھانولکر کو اس مسئلہ کی سماعت سے علیحدہ کرنے کی استدعا کی تھی ۔ جسٹس کھانولکر نے خود کو اس مقدمہ کی سماعت سے علیحدہ کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ بنچ نے واضح کیا کہ اس طرح کی درخواست دائر کرتے ہوئے عدالیہ کے امیج کو نقصان پہونچایا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT