Saturday , February 24 2018
Home / سیاسیات / ’جرائم سے پاک‘ یوپی کو سرمایہ کاروں کی واپسی : یوگی

’جرائم سے پاک‘ یوپی کو سرمایہ کاروں کی واپسی : یوگی

بلرام پور (یوپی) 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مجرمانہ عناصر کے سبب اترپردیش سے سرمایہ کار دور ہورہے تھے لیکن بی جے پی حکومت کی تشکیل کے بعد سرمایہ کاروں کی یوپی کو واپسی ہورہی ہے، چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے آج یہ بات کہی۔ اُنھوں نے یہاں انتخابی ریالی میں کہاکہ مجرمین سابقہ حکمرانی میں چھائے ہوئے تھے جس کے سبب سرمایہ کار یوپی سے منتقل ہورہے تھے۔ اب بی جے پی حکومت کی تشکیل کے بعد وہ واپس ہورہے ہیں کیونکہ مجرمین کو اُن کے ’صحیح مقام‘ (جیل) کو بھیجا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابقہ ایس پی حکومت میں فسادات ہوا کرتے تھے لیکن بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد فسادات رُک گئے اور ریاست ’فساد سے پاک‘ ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے بلدی اداروں کے انتخابات کے لئے ووٹروں کو راغب کرنے کی کوشش کے ساتھ الزام عائد کیاکہ سابقہ ایس پی اور بی ایس پی حکومتوں کے درمیان امتیاز برتا جاتا تھا۔ لوگوں کو اُن کے پس منظر کی جانچ کے بعد نوکریاں دی گئیں لیکن بی جے پی حکومت ہر کسی کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ ہم پولیس میں بھرتی شروع کررہے ہیں اور آئندہ تین سال میں 4 لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کی حکومت گزشتہ پانچ سال کے دوران یوپی پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے بھرتیوں کی تحقیقات کرے گی اور خاطیوں کو سزا دے گی۔ بلدی انتخابات کے لئے پولنگ کا آخری مرحلہ 29 نومبر کو منعقد ہوگا اور ووٹوں کی گنتی یکم ڈسمبر کو کی جائے گی۔ شہری علاقوں کی مجلس بلدیہ کے جاریہ الیکشن میں اترپردیش کے 75 اضلاع میں زائداز 3.3 کروڑ رائے دہندے شامل ہیں اور اسے ادتیہ ناتھ زیرقیادت بی جے پی حکومت کے لئے آزمائش سمجھا جارہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT