Thursday , November 23 2017
Home / جرائم و حادثات / جرائم و حادثات

جرائم و حادثات

سائبرآباد حدود میں مختلف سڑک حادثات، پانچ افراد ہلاک
حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 18 سالہ سید سلیم جو پریم نگر علاقہ کے ساکن صلاح الدین کا بیٹا تھا ۔ طالب علم بتایا گیا ہے ۔ یہ طالب علم کل اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں سید سلیم کل رات فوت ہوگیا ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 29 سالہ ملیش یادو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا تولہ گوڑہ کا ساکن تھا ۔ کل وہ اپنی بیوی کے ہمراہ کار میں لانگ ڈرائیو پر گیا تھا کہ ایک ریسارٹ کے قریب گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں ملیش یادو رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ ابراہیم پٹنم پولیس کے مطابق 38 سالہ ارجن جو پیشہ سے لیبر تھا نادرگل علاقہ میں رہتا تھا 21 اگست کے دن ارجن ابراہیم پٹنم کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ جو کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔حیات نگر پولیس کے مطابق 43 سالہ ستیہ نارائنا مورتی جو پیشہ سے پجاری تھا ۔ ٹٹی انارم علاقہ میں رہتا تھا ۔ وہ کل گورادپلی کے علاقہ میں پیش آئے حادثہ میں برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ مائیلاردیوپلی پولیس کے مطابق 43 سالہ سالہ ٹھاکر ونود سنگھ جو پیشہ سے ڈانس ماسٹر تھا ۔ راگھویندرا کالونی شیورام پلی میں رہتا تھا ۔ وہ اپنی لڑکی کو اسکول چھوڑ کر واپس آرہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں ٹھاکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔
زخمی شخص دوران علاج فوت
شمس آباد ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : شمس آباد کے علاقہ ایرپورٹ کالونی میں ایک شخص فوت ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب اننیتا گوڑ 65 سالہ ساکن ایرپورٹ کالونی 16 اگست کو اچانک زمین پر گرپڑا ہے ۔ زخمی حالت میں دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ۔ دوران علاج کل رات زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔۔
رہزن خاتون سے طلائی چین چھین کر فرار
حیدرآباد ۔ 25 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) دونوں شہروں میں آئے دن رہزن خواتین کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور پولیس ان واقعات کو روکنے میں بے بس ہے ۔ ملک پیٹ میں آج رہزنوں نے ایک خاتون کو بیہوشی کی دوا سونگھاکر طلائی چین چھین کر راہ فرار اختیار کی ۔ تفصیلات کے بموجب ملک پیٹ ججس کالونی میں واقع واسوی ایمرالڈ اپارٹمنٹس کے واچ مین رمیش اور اُس کی بیوی ورا لکشمی اپارٹمنٹس کی صفائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک دو موٹر سیکل سوار نامعلوم افراد نے اُن سے پتہ پوچھنے کے بہانے بیہوشی کی دوا سونگھاکر لکشمی کے گلے میں موجود دو تولے طلائی چین لے کر فرار ہوگئے ۔ ورا لکشمی کچھ وقت کیلئے بیہوش ہوگئی تھی اور بعد ازاں چادرگھاٹ پولیس کو اس بات کی اطلاع دی گئی جس پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر ورا لکشمی کا بیان قلمبند کیا اور رہزنوں کے حلیہ سے متعلق تفصیلات حاصل کئے۔ حالیہ دنوں دونوں شہروں میں رہزنوں کی وارادت میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں خواتین کو زخمی کرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ چادرگھاٹ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔

مشن چبوترہ : 28 نوجوانوں کو دو دن قید کی سزا
حیدرآباد ۔ /25 اگست (سیاست نیوز) آپریشن لیٹ نائیٹ روڈ رومیوز (مشن چبوترہ) کے دوران گرفتار کئے گئے  28 نوجوانوں کو مقامی عدالت نے دو دن قید کی سزاء سنائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوانوں کو ساؤتھ زون پولیس نے سڑک پر شراب نوشی کرنے اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں آپریشن مشن چبوترہ کے تحت گرفتار کیا تھا اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے 28 نوجوانوں کو دو دن قید کی سزاء سنائی ۔ گزشتہ دو دن میں آپریشن چبوترہ کے دوران 119 نوجوانوں کو حراست میں لیکر ان کی کونسلنگ کی تھی جس میں تین نوجوانوں کو لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے میں ملوث پایا گیا جس کے نتیجہ میں ان کے خلاف نربھئے ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دیا جارہا ہے ۔

مختلف ٹرین حادثات میں تین افراد ہلاک
حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) نامپلی کاچی گوڑہ اور سکندرآباد ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے ٹرین حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔ نامپلی ریلوے پولیس کے مطاق 27 سالہ ایشور راؤ مشرقی گوداوری ضلع کا متوطن تھا ۔ وہ اپنی نجی مصروفیت کے سبب حیدرآباد آیا تھا جو فتح نگر اور نیچرکیو کے درمیان ریلوے لائین عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ کاچی گوڑہ ریلوے پولیس کے مطابق 70 سالہ جنگیا جوناگول علاقہ میں رہتا تھا ۔ یہ شخص کاچی گوڑہ اور ملک پیٹ کے درمیان ریلوے لائین عبور کرنے کے دوران پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ سکندرآباد ریلوے پولیس کے مطابق 30 سالہ رمیش جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ اڈہ گٹہ علاقہ میں رہتا تھا وہ مولی علی اور سکندرآباد کے درمیان ریلوے لائین عبور کرنے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔
کوکٹ پلی میں ساتھیوں کے حملہ میں ایک شخص ہلاک
حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) کوکٹ پلی کے علاقہ میں ساتھیوں کے حملہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 30 سالہ ناگراجو جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ ویویکانندا نگر علاقہ میں رہتا تھا ۔ راجو اپنے دونوں ساتھیوں ستیہ نارائنا اور سینو کے ہمراہ موجود تھا ۔تینوں ساتھیوں نے کثرت سے مئے نوشی کی اور مئے نوشی کے دوران ان کے درمیان جھگڑا ہوا ۔ دونوں ساتھیوں نے مبینہ طور پر راجو کو شدید زدوکوب کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔
1.4 کیلو سونے کے ساتھ ایک شخص گرفتار
شمس آباد ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد کسٹمس عہدیداروں نے ایک مسافر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 1.4 کیلو سونا برآمد کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب دبئی سے شمس آباد آنے والی فلائیٹ کیمسافرین کی تلاشی لینے پر کسٹمس عہدیداروں کو حیدرآبادی شخص کے لگیج سے 1.4 کیلو سونا برآمد ہوا ۔ جس پر کسٹمس عہدیداروں نے سونے کو ضبط کرلیا اور مسافر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ جاریہ ماہ اگست میں اب تک تقریبا 10 کیلو سے زائد سونے کو شمس آباد ایرپورٹ کسٹمس عہدیداروں نے ضبط کرلیا ہے ۔ سونے کی اسمگلنگ میں دن بہ دن اضافہ ہوتا ہی جارہا ہے لیکن آج تک سونے کی اسمگلنگ میں ملوث اصل سرغنہ کو پکڑنے کی کوشش تک نہیں کی گئی ۔ اصل سرغنہ کی گرفتاری کے بعد ہی سونے کی اسمگلنگ میں کمی ہوگی ۔۔
رشتہ ٹوٹنے پر دلبرداشتہ نوجوان کی خودکشی
حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) شادی کا رشتہ ٹوٹنے سے دلبرداشتہ ایک نوجوان نے خودکشی کرلی جس کا تعلق کتہ گڈیم علاقہ ضلع کرشنا سے بتایا گیا ہے ۔ ٹپہ چبوترہ پولیس حدود میں یہ واقع پیش آیا جہاں 25 سالہ نریش نے اپنے ساتھی کے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ نریش اپنے ساتھی سے ملاقات کیلئے ٹپہ چبوترا علاقہ گائیتری نگر آیا تھا ۔ نریش کی منگنی ہوچکی تھی اور صرف شادی کی تاریخ طئے ہونا باقی تھا تاہم اچانک کسی وجوہات کے سبب اس کا رشتہ ٹوٹ گیا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے خودکشی کرلی ۔ پولیس ٹپہ چبوترا مصروف تحقیقات ہے ۔

چندرائن گٹہ میں پولیس کانسٹیبل کی مشتبہ موت
حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) چندرائن گٹہ کے علاقہ میں ریزرو پولیس کے ایک کانسٹیبل کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 38 سالہ ایس یادو جو پیشہ سے سنٹرل ریزرو پولیس فورس سی آر پی ایف کا کانسٹیبل تھا ۔ گوناپور اترپردیش کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ معمول کی طرح وہ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا ۔ کل رات یادو کی ڈیوٹی تھی اور وہ ڈیوٹی پر حاضر بھی ہوا تھا ۔ تاہم دوران ڈیوٹی اس نے سینہ میں تکلیف کی شکایت کی جس کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے
کار کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک
شمس آباد ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : شمس آباد میں نیشنل ہائی وے پر سدانتی کے قریب کار کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے بموجب ایس نرسمہا 60 سالہ ساکن سدانتی پوسٹ آفس سے واپس نگر لوٹ رہا تھا کہ سدانتی کے قریب ایک کار نمبر TS06UA-3203 نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ شمس آباد آر جی آئی سب انسپکٹر محمد ناصر نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا ۔۔
رہزنوں کی تین رکنی ٹولی گرفتار
حیدرآباد ۔ 25 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) رہزنی کی وارداتوں میں ملوث تین رہزنوں کو نلہ کنٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے دو لاکھ پچاس ہزار مالیتی مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون ڈاکٹر وی رویندر نے بتایا کہ 32 سالہ پی ویدا ویاس اپنے دو ساتھیوں گنگاپورم رمیش اور پی کروپاکر راؤ کی مدد سے پلسر گاڑی پر گھومتے ہوئے راہ چلتی خواتین کو نشانہ بنایا کرتے اور اُن کے طلائی چین اُڑاکر رفو چکر ہوجاتے ۔ ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ مذکورہ گرفتار ٹولی نے نلہ کنٹہ اور عنبرپیٹ میں رہزنی کی وارداتیں انجام دی تھیں اور پولیس نے ان کے قبضہ سے 100 گرام مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے ۔
چیک باؤنس کیس میں ایک سال قید کی سزا
حیدرآباد ۔ 25 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے 23 ویں اسپیشل مجسٹریٹ نے چیک باؤنس کیس میں ایک شخص کو ایک سال کی معمولی سزاء سنائی اور 5,55,000/- روپئے رقم ادا کرنے کا فیصلہ سنایا ۔ سلطان شاہی کے محمد منیرالدین نے ٹولی چوکی کے نعیم الدین کے خلاف چیک باؤنس کا مقدمہ سال 2012 ء میں دائر کیا تھا جس کی سماعت کے بعد عدالت نے مسٹر نعیم کو یہ سزاء سنائی۔ بتایا جاتا ہے کہ درخواست گذار سے نعیم نے سال 2009 ء میں کاروبار کے سلسلے میں 4 لاکھ روپئے کی رقم حاصل کرتے ہوئے رقم کی ادائیگی کیلئے چیک حوالہ کیا تھا ۔ لیکن بینک کھاتے میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے یہ چیک باؤنس ہوگئے اور قانونی کارروائی کے دوران یہ معاملہ عدالت میں زیرالتواء تھا اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے 13 اگسٹ کو یہ فیصلہ سنایا ۔
ماں کی موت سے دلبرداشتہ شخص کی خودکشی
حیدرآباد /25 اگست ( سیاست نیوز ) ماں کی موت سے دلبرداشتہ ایک بیٹے نے خودکشی کرلی ۔ مشیرآباد پولیس حدود میں کل رات یہ واقعہ پیش آیا جہاں 54 سالہ آر کمار نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ کمار پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ جو مشیرآباد کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ 22 اگست کے دن اس کی والدہ کی موت ہوگئی تھی اور تب سے وہ پریشان تھا پولیس کے مطابق کمار ذہنی تناؤ اک شکار ہوگیا تھا جس نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔

TOPPOPULARRECENT