Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / جرائم پر قابو پانے پی ڈی ایکٹ کا سختی سے نفاذ

جرائم پر قابو پانے پی ڈی ایکٹ کا سختی سے نفاذ

مسلح فورس اور فائرنگ کے باوجود چین چھین لینے کے واقعات میں اضافہ ، پولیس کے لیے چیلنج
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے دن بہ دن بڑھتے جارہے جرائم کے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ سائبر آباد پولیس کے لیے رہزنی کی وارداتیں اور رہزن ان دنوں چیلنج ہے ۔ مسلح فورس اور فائرنگ جیسے اقدامات کے باوجود بھی سارق و رہزنوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ تاہم پولیس نے اب جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے انسداد غنڈہ گردی ایکٹ کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے ۔ سارقوں اور رہزنی کی وارداتوں پر روک تھام و خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری ہیں ۔ سائبر آباد پولیس نے جرائم پر روک تھام کے سلسلہ میں آج چار افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا ہے جن میں تین مویشیوں کے سارق اور ایک عادی سارق بتایا گیا ہے ۔ تاہم مویشیوں کے سارقین کے خلاف اقدامات کو پولیس ضروری سمجھتی ہے ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سی وی آنند نے چار افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کردی ۔ رہزنوں کی سرگرمیوں سے پریشان حال خواتین جہاں اپنے قیمتی سامان کے علاوہ اپنی جانوں کے تحفظ کو لے کر فکر مند ہیں ایسے موقع پر سارقین اور رہزنوں کے خلاف کارروائی کو ضروری تصور کررہے ہیں ۔ پی ڈی ایکٹ کے استعمال پر پولیس کی ستائش کرنے والے شہری اس بات پر بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ آیا پولیس کو خواتین کے تحفظ سے زیادہ جانوروں کے تحفظ کی فکر زیادہ ہوگئی ہے ۔ اکثر خواتین کا خیال ہے کہ مویشیوں کے سارق بھی سارق ہی ہیں اور ان کے خلاف کارروائی قابل ستائش اقدام ہے تاہم پولیس خواتین کے تحفظ کو آخر کار کب یقینی بنائے گی اکثر خواتین کا سوال ہے کہ سائبر آباد پولیس کمشنریٹ میں کیا ایسے اقدامات بھی ممکن ہیں کہ بغیر سرقہ کی وارداتوں کے سائبر آباد میں اچھے دن ممکن ہوپائیں گے ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر کے جاری کردہ بیان کے مطابق 28 سالہ صابر ساکن ہریانہ ، 34 سالہ زبیر ساکن راجستھان اور 20 سالہ اکرم ساکن ظہیر آباد ، سنگاریڈی ، ضلع میدک جو مویشیوں کا سرقہ کرتے تھے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کے احکامات جاری کردئے گئے۔ اضلاع میدک ، رنگاریڈی ، اور سائبر آباد کے حدود میں اس ٹولی نے کافی ہلچل مچائی تھی ۔ اور یہ ٹولی کل 15 ایسے واقعات میں ملوث ہے ۔ اور ایک بار ان کے خلاف کارروائی کیے جانے کے بعد بار بار یہ افراد مویشیوں کے سرقہ میں ملوث پائے گئے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے پامولہ سریش عرف سوری عمر 20 سال کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی انجام دی ۔ جو شمس آباد علاقہ کا ساکن تھا ۔ اس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT