Monday , April 23 2018
Home / عرب دنیا / جرمنی سے سعودی عرب کا احتجاج ، سفیر کی باز طلبی

جرمنی سے سعودی عرب کا احتجاج ، سفیر کی باز طلبی

ریاض ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سعودی عرب نے لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری کے مسئلہ پر جرمنی سے احتجاج کرتے ہوئے اپنا سفیر واپس طلب کرلیا ہے ۔ جرمنی وزیر خارجہ سگمر گیبرئیل کے بعض تبصروں پر ریاض نے احتجاج کیا ہے ۔ جن میں انہوں نے بالواسطہ طور پر کہا تھا کہ حریری نے سعودی عرب کے اشاروں پر کام کیا ہے ( استعفیٰ دیا ہے ) گیبرئیل نے اس ضمن میں سعودی عرب کا راست نام لیے بغیر جمعرات کو کہا تھا کہ انہیں لبنان میں عدم استحکام اور خون خرابہ کا اندیشہ ہے اور انہوں نے وہاں کسی قسم کی مہم جوئی کے خلاف خبردار بھی کیا تھا ۔ گیبرئیل سگمر نے کہا تھا کہ ’ لبنان کو اپنے مقدمہ کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے ۔ اس کو شام یا سعودی عرب یا کسی اور ملک کے مفادات کا آلہ کار نہیں بننا چاہئے ‘ ۔ سعودی پریس ایجنسی نے کہا کہ جرمن وزیر خارجہ کے بیانات غلط معلومات پر مبنی ہیں ۔ جن سے مملکت کو حیرت ہوئی ہے ۔ تاہم جرمن دفتر خارجہ نے سعودی اقدام پر کوئی راست تبصرہ نہیں کیا لیکن اپنے بیان میں کہا کہ ’ اس علاقہ ( مشرق وسطیٰ ) کے استحکام پر ہمیں گہری تشویش ہے ‘ ۔ کشیدگی میں کمی کے لیے تمام فریقوں پر زور دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ سعد الحریری ریاض سے پیرس پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدر فرانس مائیکرون سے ملاقات کی اور ملک واپسی کا بھی اعلان کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT