Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / جسٹس دیپک مشرا ہوں گے نئے سی جے آئی

جسٹس دیپک مشرا ہوں گے نئے سی جے آئی

نئی دہلی، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے دوسرے سینئر جج دیپک مشرا ملک کے نئے چیف جسٹس ( سی جے آئی) ہوں گے۔ موجودہ چیف جسٹس جگدیش سنگھ کھیہر نے نئے چیف جسٹس کے لئے جسٹس دیپک مشرا کے نام کی سفارش کردی ہے ۔وزارت قانون و انصاف کے ذرائع نے آج بتایا کہ قانون و انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے جسٹس کھیہر سے نئے چیف جسٹس کے نام کی سفارش طلب کی تھی۔ اس کے بعد جسٹس کھیہر نے سابقہ روایت پر عمل کرتے ہوئے ان کے بعد سب سے سینئر جج (جسٹس دیپک مشرا) کے نام کی سفارش کی ہے ۔ جسٹس مشرا موجودہ چیف جسٹس کھیہر کے جانشیں ہوں گے ، جو آئندہ ماہ 27 اگست کو سبکدوش ہو رہے ہیں۔ جسٹس مشرا کی مدت کار بھی 2 اکتوبر 2018 کو ختم ہوگی۔ سابقہ روایت اور سپریم کورٹ نیز 24 ہائی کورٹوں میں ججوں کی تقرریوں، منتقلی اور فروغ دینے کے ضابطے کے تحت سب سے سینئر جج کو چیف جسٹس بنایا جاتا ہے ۔ جسٹس جے ایس کھیہر کے بعد جسٹس دیپک مشرا سب سے سینئر جج ہیں۔

ویاپم گھوٹالے کے ملزم طالب علم کی خود کشی
مرینا، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے مشہور ویاپم گھپلے کے معاملے میں ملزم بنائے گئے مرینا کے ایک طالب علم نے آج یہاں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کے سول لائن تھانہ علاقہ کے مہاراج پور گاؤں کے رہنے والے پروین یادو نے صبح اپنے گھر میں پھانسی لگالی ۔ بتایا گیا ہے کہ سال 2008 میں وہ میڈیکل کے امتحان میں منتخب ہوا تھا۔ سال 2012 میں اسے ویاپم گھپلے کا ملزم بنایا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پروین کو کل اس معاملے میں پیشی کے لئے جبل پور جانا تھا۔پروین گزشتہ چار برسوں سے تیل کی مل چلا رہا تھا۔ لواحقین کا الزام ہے کہ وہ ویاپم کے معاملے کی وجہ سے بہت پریشان رہتا تھا۔ ان کا یہ بھی الزام ہے کہ طالب علم کی موت کے لئے افسر اور سیاستدان ذمہ دار ہیں۔ پروین اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ اب لواحقین اس کی موت کا ذمہ دار ویاپام گھپلے سے جڑے حکام اور سیاست دانوں کو بتا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT