Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / جشن ولادت حضرت علیؓ و ہنومان جینتی کے جلوس

جشن ولادت حضرت علیؓ و ہنومان جینتی کے جلوس

پولیس کے وسیع سکیوریٹی انتظامات ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) جشن ولادت حضرت علیؓ اور ہنومان جینتی کے موقع پر کل نکالی جانے والی دو مرکزی ریالیوں کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیورٹی کے سخت اور وسیع انتظامات کئے ہیں۔ پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر 2500 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں جس کے ذریعہ ریالیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ شہر کے اہم، حساس اور انتہائی حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جنھیں حیدرآباد سٹی پولیس کے کمانڈ کنٹرول سسٹم اور مقامی پولیس اسٹیشنس سے مربوط کئے گئے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جشن ولادت حضرت علیؓ اور ہنومان جینتی کی ریالیاں ایک ہی دن نکالی جارہی ہیں۔ 27 کیلو میٹر طویل ریالیوں پر نظر رکھنے کے لئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے اپنے ماتحتین کو ہدایت دی ہے۔ ہنومان جینتی ریالی کا آغاز کل صبح 11 بجے رام مندر گولی گوڑہ سے ہوگا اور شام 5 بجے ایمپیرئیل گارڈن سکندرآباد میں اختتام کو پہونچا۔ اسی طرح شیعہ برادری کی جانب سے نکالی جانے والی مولا علی ریالی کا آغاز شام 5 بجے جعفری گلی میرچوک سے ہوگا اور اُس کا اختتام کوہ مولا علی واقع ملکاجگری رچا کنڈہ علاقہ میں اختتام عمل میں آئے گا۔ دونوں ریالیاں ایک ہی دن نکالے جانے کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے دو دن قبل مختلف محکمہ جات کا رابطہ اجلاس انعقاد کیا تھا۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کا 12 ہزار عملہ چوکس ہے اور دونوں ریالیوں کے دوران کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ کے تدارک کے لئے مؤثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ سٹی پولیس کے تمام شعبوں بشمول ٹاسک فورس، اسپیشل برانچ، سٹی سکیورٹی ونگ اور ڈٹکٹیو ڈپارٹمنٹ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT