Saturday , November 25 2017
Home / Top Stories / جلال آباد میں ہندوستانی قونصل خانہ کے قریب دھماکہ

جلال آباد میں ہندوستانی قونصل خانہ کے قریب دھماکہ

کابل۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)  افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ننگرہار میں بیرون ممالک قونصل خانوں کے قریب دھماکہ ہوا،جہاں پاکستان، ہندوستان اور ایران کے قونصل خانے موجود ہیں۔ میڈیا نے صوبائی گورنر عطاء اللہ خوغیانی کے حوالے سے بتایا کہ ابھی تک کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ابھی تک حملے کے نشانہ کا تعین نہیں ہوسکا جبکہ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب افغان خبر رساں ادارے خامہ پریس نے اطلاع دی ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ پہلے سے نصب شدہ بم کے ذریعہ کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دو روز قبل بھی عسکریت پسندوں نے افغان شہر مزارِ شریف میں ہندوستانی سفارتی مشن پر دھاوا بول دیا تھا، اس دوران زوردار دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں تاہم قونصل خانے کا عملہ محفوظ رہا۔ امریکہ کی اتحادی ناٹو افواج کے افغانستان سے انخلاء  کے بعد افغان طالبان نے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ مزار شریف شہر میں ہندوستانی قونصل خانے پر حملے کے بعد 25 گھنٹے تک جاری تصادم کے بعد تمام دہشت گرد مارے گئے اور سیکورٹی فورسز کی مہم ختم ہو گئی۔ افغانستان میں ہندوستانی سفارت کار نے ٹویٹ کر کے دہشت گردوں کے خلاف اس کامیاب مہم کے لئے صوبہ بلخ کے گورنر کی ستائش کی اور کہا کہ سفارت خانے کے تمام ہندوستانی ملازم محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ بلخ کے گورنر عطا محمد نور کی فوج نے مزار شریف میں ہندوستانی ٹیم کو بچایا۔حکومت کے ایک ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مہم میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 11زخمی ہو گئے۔ تاہم ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
گذشتہ ماہ بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع اسپین کے سفارت خانے کے نزدیک واقع گیسٹ ہاؤس پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں دو ہسپانوی اور 4 افغان پولیس ملازمین کے بشمول 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT