Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داروں اور کارکنوں کے اجلاس کا اختتام

جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داروں اور کارکنوں کے اجلاس کا اختتام

امیر جماعت مولانا جلال الدین عمری کی خصوصی دعا
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند کی جانب سے گذشتہ چار یوم سے جاری جماعت کے ذمہ دار و کارکنوں کا اجلاس آج دوپہر مولانا جلال الدین عمری امیر جماعت اسلامی ہند کی دعا پر اختتام کو پہنچا۔ اجلاس کے دوران مختلف امور پر مباحث منعقد کرتے ہوئے قراردادیں منظور کی گئیں۔ چار روزہ اجلاس میں ملک بھر کے مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی، ایس آئی او اور جی آئی او کے کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عدم رواداری، پرتشدد واقعات، عالمی امن و انصاف، عالم اسلام کے بحران، ابنائے وطن کو حق پرستی کی دعوت، ملت اسلامیہ ہند کے درمیان شعور بیداری جیسے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ چار روزہ اجلاس میں ملک کی تعمیرنو اور ہم کے عنوان سے جلسہ عام بھی منعقد ہوا۔ چار روزہ اجتماع میں جماعت اسلامی کی قومی سطح پر جاری سرگرمیوں کے علاوہ صوبائی سطح پر انجام دی جانے والی سرگرمیوں کی تفصیلات پر مبنی ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں سے اجتماع میں شرکت کیلئے تشریف لانے والے کارکنوں و ذمہ داران کی سہولت کیلئے وسیع و عریض انتظامات کئے گئے تھے۔ انتظامات کی نگرانی امیر حلقہ تلنگانہ و اڑیسہ جناب حامد محمد خان نے خود کی جبکہ جناب ملک معتصم خان، جناب محمد اظہرالدین، جناب رشاد الدین، جناب خالد مبشرالظفر کے علاوہ دیگر نے اجتماع کے انعقاد میں بھرپور اعانت کی۔ بیرونی مہمانوں نے جماعت کے کارکنوں و ذمہ داران کی تربیت کے لئے منعقدہ علحدہ علحدہ اجلاسوں سے مخاطب کرتے ہوئے مختلف میدانوں میں خدمات کی انجام دہی کے طریقہ کار سے واقف کروایا۔

TOPPOPULARRECENT