Tuesday , January 16 2018
Home / شہر کی خبریں / جمعۃ الوداع کے موقع پر ’ یوم القدس ‘ منانے کی اپیل

جمعۃ الوداع کے موقع پر ’ یوم القدس ‘ منانے کی اپیل

غزہ اور فلسطینیوں پر حملوں کی مذمت ، قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آقا حسن نوریان کا بیان

غزہ اور فلسطینیوں پر حملوں کی مذمت ، قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آقا حسن نوریان کا بیان
حیدرآباد۔/24جولائی، ( سیاست نیوز) قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آقا حسن نوریان نے غزہ میں نہتے اور معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت اور حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی اور اسرائیلی مظالم کی روک تھام کیلئے مسلم اور اسلامی دنیا میں اتحاد کو ناگزیر قرار دیا۔ آقا حسن نوریان نے جمعۃ الوداع کے موقع پر عام سوگ منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گذشتہ 35برسوں سے ہر سال جمعۃ الوداع کو ’’ یوم قدس ‘‘ کے طور پر مناتا ہے اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کا عہد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات کیلئے عالمی طاقتوں کی خاموشی کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ مغربی ممالک جو اسرائیل کی پشت پناہی کررہے ہیں وہ نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے مساوی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ سینکڑوں بے قصور افراد کی شہادت کے باوجود اقوام متحدہ، سیکوریٹی کونسل اور دیگر عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ آقا حسن نوریان نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ مسلم دنیا اپنے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی کی جدوجہد کرے۔ انہوں نے کہاکہ صرف اتحاد کے ذریعہ ہی فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی ممکن ہے۔ اسرائیل کی جانب سے حملوں اور خاص طور پر مساجد اور دواخانوں کو نشانہ بنانے کو غیر انسانی اور بدترین بربریت قراردیتے ہوئے قونصل جنرل ایران نے کہا کہ اسرائیل دراصل فلسطینیوں کو خوف و دہشت میں مبتلاء کرتے ہوئے قبلہ اول کی بازیابی کی جدوجہد سے روکنا چاہتا ہے۔ افسوس تو اس بات پر ہے کہ عالمی ادارے اور خاص طور پر انسانی حقوق کی جدوجہد کرنے والی تنظیمیں بھی غزہ کی صورتحال سے صرف نظر کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ کل جمعۃ الوداع کے موقع پر ’ یوم القدس ‘ کا اہتمام کرتے ہوئے غزہ کے مسلمانوں کے تحفظ اور قبلہ اول کی بازیابی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کے بانی امام خمینی نے 35برس قبل بیت المقدس کی بازیابی کی جدوجہد کا آغاز کیا تھا اور وہ دن دور نہیں جب اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ہوگا اور فلسطینی عوام نہ صرف آزادی میں سانس لے سکیں گے بلکہ بیت المقدس مسلمانوں کے قبضہ میں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اسلامی تعاون تنظیم کی پارلیمانی کونسل کے اجلاس میں غزہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسلامی ممالک میں عام سوگ منانے کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایران غزہ کے عوام کو ادویات، غذائی اجناس اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیار ہے تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ مصر غزہ سے متصل اپنی سرحد کو کھول دے۔ انہوں نے مصر سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ سے متصل رفاہ سرحد کھول دے تاکہ طبی اور غذائی امداد باآسانی غزہ پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کو روکنے کیلئے اپنی بین الاقوامی ذمہ داری کو پورا کریں۔ آقا حسن نوریان نے کہا کہ اسرائیل ان حملوں کے ذریعہ واضح طور پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے اور اسرائیل کے ان بھیانک اور خوفناک جرائم پر سیکورٹی کونسل کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی حقوق انسانی تنظیمیں اور دیگر عالمی اداروں کو غزہ کے عوام پر جاری مظالم کی روک تھام کیلئے متحرک ہونا چاہیئے۔ قونصل جنرل ایران مسجد اہلبیت آصف نگر میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر خطاب ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT