جموں میں شہری مجالس مقامی انتخابات کی پولنگ

تیسرے مرحلے کیلئے بھی رائے دہندوں میں جوش و خروش
جموں ۔ 13 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) علاقہ جموں میں ابتدائی دو مرحلوں کی طرح تیسرے مرحلے کے تحت ضلع سامبا کے تقریباً تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پرجوش رائے دہندوں کی کثیر تعداد نے 56 میونسپل وارڈس کے 242 امیدواروں کی قسمت پر آج اپنا فیصلہ مہربند کردیا۔ جموں و کشمیر میں چار مرحلوں کے تحت ہونے والے شہری ادارہ جات و مجالس مقامی کے چار مرحلوں میں مقرر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت آج جموں کے ضلع سامبا کے علاوہ وادی کشمیر کے اضلاع اننت ناگ، بارہمولہ اور سرینگر کی آئے بلدیات کے 96 وارڈس کے منجملہ 40 وارڈس کیلئے آج ووٹ ڈالے گئے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سشما چوہان نے پی ٹی آئی سے کہا کہ سامبا، رام گڑھ، وجئے پور اور باری براہمنا میں پرامن رائے دہی ہوئی۔ دوپہر تک 31,896 کے منجملہ 59.39 رائے دہندے 57 پولنگ اسٹیشنوں میں اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرچکے تھے۔ سامبا میں آج کی پولنگ کے ساتھ یہ علاقہ جموں کے تمام 10 اضلاع میں شہری ادارہ جات و مجالس مقامی کے انتخابات کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ وادیٔ کشمیر کے 6 اضلاع میں چوتھے اور آخری مرحلے کی رائے دہی 16 اکتوبر کو ہوگی اور 20 اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ سشما چوہان نے کہا کہ علاقہ سامبا کے رام گڑھ میں رائے دہندوں کا سب سے زیادہ جوش و خروش دیکھا گیا جہاں ابتدائی چھ گھنٹوں میں 73.18 فیصد ووٹ ڈالے جاچکے تھے۔

TOPPOPULARRECENT