Friday , June 22 2018
Home / ہندوستان / جموں کے روہنگیا پناہ گزینوں کو کشمیر بھیجا جائے :وی ایچ پی

جموں کے روہنگیا پناہ گزینوں کو کشمیر بھیجا جائے :وی ایچ پی

جموں ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) جموں یونٹ نے دھمکی دی ہے کہ اگر سرمائی دارالحکومت جموں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کو فوراً سے پیشتر جموں بدر نہیں کیا گیا تو یہ جماعت ایجی ٹیشن شروع کرے گی جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے ۔ ‘روہنگیا پناہ گزینوں کو جموں میں برداشت نہیں کیا جائے گا’ کہتے ہوئے وی ایچ پی نے کہا ہے کہ حکومت انہیں کشمیر میں بسائیں۔ وی ایچ پی کی یہ دھمکی جموں میں جمعرات کو ہولی کے تہوار کے موقع پر بعض نوجوانوں کی طرف سے دیواروں پر ‘گو روہنگیاز گو بیک’ کا نعرہ تحریر کرنے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے ۔ وی ایچ پی کے ایک درجن کارکن جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں ترنگا، خنجر اور پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے ، نے جمعہ کو یہاں روہنگیا پناہ گزینوں کی موجودگی کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاجی کی قیادت کررہے وی ایچ پی لیڈر راکیش شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا ‘ہم سرکار کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر اسے روہنگیا اور بنگلہ دیشی اتنے ہی پیارے ہیں تو وہ ان کو کشمیر میں بسائیں۔ جموں میں وہ انہیں برداشت نہیں کریں گے ‘۔ انہوں نے کہا ‘کل ہولی کے دن کچھ نوجوانوں نے گو بیک روہنگیا کے سلوگن جگہ جگہ دیواروں پر تحریر کئے ۔ ہم سرکار کو جگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں ان روہنگیا پناہ گزینوں کے خلاف ایک باضابطہ ایجی ٹیشن شروع ہوسکتی ہے ۔ سرکار ان کو فوری طور پر جموں سے نکال باہر کریں، نہیں تو سرکار کو بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا’۔ راکیش شرما نامی اس وی ایچ پی لیڈر نے روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک کی سیکورٹی کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ‘مرکزی سرکار بھی مان چکی ہے کہ روہنگیا اور بنگلہ دیشی ملک کی سیکورٹی کے لئے خطرہ ہے ۔

سنجوان ملٹری اسٹیشن پر جو حملہ ہوا، اس میں بھی روہنگیا پناہ گزینوں کا ہاتھ ہوسکتا ہے ۔ سرکار ان کی تعداد کم بتاتی ہے ، لیکن ان کی اصل تعداد بہت زیادہ ہے ‘۔ انہوں نے روہنگیا پناہ گزینوں کی حمایت کرنے والوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ‘راجوری سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان جس کا نام وقار بٹ ہے ، وہ لگاتار روہنگیا پناہ گزینوں کو سپورٹ کررہا ہے ۔ ہم سرکار کو واننگ دیتے ہیں کہ وہ ایسے لوگوں کو قابو کریں’۔ رپورٹوں کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار بعض نوجوانوں نے جمعرات کو ہولی کے موقع پر جموں شہر کے مختلف علاقوں میں دیواروں پر روہنگیا مخالف نعرے تحریر کئے ۔ ان نوجوانوں نے اپنے ساتھ قومی پرچم رکھا تھا اور وہ ‘بھارت ماتا کی جے ‘ کا نعرہ بلند کررہے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT