Tuesday , October 16 2018
Home / Top Stories / جمہوریت میں پرتشدد دھمکیاں ناقابل قبول ‘ وینکیا نائیڈو

جمہوریت میں پرتشدد دھمکیاں ناقابل قبول ‘ وینکیا نائیڈو

جسمانی گزند پہونچانے پر نقد انعامات کے اعلان کی بھی مخالفت ‘ نائب صدر کا خطاب
نئی دہلی 25 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فلم پدماوتی پر جاری تنازعہ کے دوران نائب صدر جمہوریہ ہند مسٹر وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ جمہوریت میں پرتشدد دھمکیاں دینا اور جسمانی گزند پہونچانے پر نقد انعامات کا اعلان کرنا قابل قبول نہیں ہے ۔ فلم پدماوتی کا راست حوالہ دئے بغیر انہوں نے تاہم فلم اور آرٹس کا عمومی تذکرہ کیا اور خبردار کیا کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور حکمرانی کی اہمیت کو گھٹایا نہیں جانا چاہئے ۔ وینکیا نائیڈو نے یہاں ایک ادبی فیسٹول میں خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب چند فلموں پر ایک نیا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے جہاں لوگ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے کچھ مذاہب یا برادریوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے اور اس کے نتیجہ میں احتجاج شروع ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرتے ہوئے کچھ لوگ جذبات سے مغلوب ہوجاتے ہیں اور انعامات کا اعلان کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیا ان افراد کے پاس اتنی دولت ہے یا نہیں وہ نہیں جانتے ۔ انہیں شبہ ہے کہ ان کے پاس اتنی رقم نہیں ہوگی ۔ ہر کوئی ایک کروڑ روپئے انعام کا اعلان کر رہا ہے ۔ ایک کروڑ روپئے کمانا اتنا آسان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں یہ سب کچھ قابل قبول نہیں ہے ۔ آپ کو جمہوری انداز میں احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے اور مناسب حکام سے نمائندگی بھی کی جاسکتی ہے لیکن آپ کسی مسئلہ میں طبعی طور پر رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتے اور نہ ہی پرتشدد دھمکیاں دے سکتے ہیں۔ ہمیں قانون کی بالادستی کو متاثر نہیں کرنا چاہئے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ وہ کسی ایک مخصوص فلم کے تعلق سے نہیں بلکہ عمومی انداز میں اظہار خیال کر رہے ہیں مسٹر نائیڈو نے ان فلموں کے نام گنوائے جن پر ماضی میں امتناع عائد کیا گیاتھا ۔ یہ فلمیں گرم ہوا ‘ قصہ کرسی کا اور آندھی تھیں۔ ان کے ریمارکس کو تاہم اس تناظر میں اہمیت حاصل ہوگئی کہ کئی گروپس کی جانب سے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ ان گروپس کا الزام ہے کہ فلم میں راجپوتوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے ۔ مورخین کا تاہم رانی پدماوتی کے وجود پر ہی اختلاف ہے ۔کچھ قائدین اورگروپس نے مبینہ طور پر سنجے لیلا بھنسالی اور اداکارہ دپیکا پاڈوکون کا سر قلم کرنے پر خطیر رقمی انعامات کا اعلان کیاہے ۔

TOPPOPULARRECENT