Tuesday , December 18 2018

جناب ذبیح اللہ بیگ کا مدینہ منورہ میں انتقال

حیدرآباد 6 مارچ (دکن نیوز) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائیگی کہ حیدرآباد کے نامور بزرگ صحافی چیف ایڈیٹر دکن نیوز حضرت الحاج ذبیح اللہ بیگ کا آج شام 4.30 بجے مدینہ شریف کے کنگ فہد ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ وہ 85 برس کے تھے۔ اُنھیں 26 فروری کو طبیعت بگڑنے کے نتیجہ میں دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا جہاں اُن کے دماغ کا آپریشن کیا گیا۔ اس دوران اُنھیں آکسیجن پر رکھا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے خصوصی طبی نگہداشت کی اور ہرممکن علاج و معالجہ کیا گیا۔ آج اُن کی روح قفس عنصری سے پرواز کرگئی اور اس طرح مدینہ طیبہ میں اپنی آخری سانس لینے کی اُن کی دیرینہ آرزو پوری ہوگئی۔ الحاج ذبیح اللہ بیگ 2004 ء میں مدینہ منورہ تشریف لے گئے تھے اور مستقل وہاں رہائش اختیار کرلی تھی۔ ان کی اہلیہ کا گذشتہ رمضان میں مدینہ منورہ میں انتقال ہوا تھا۔ الحاج ذبیح اللہ بیگ کے انتقال کی اطلاع پر حیدرآباد میں کئی اصحاب نے اخبارات کے دفاتر اور محمد نصر اللہ خان دکن نیوز سے رابطہ قائم کرکے تفصیلات جاننے کی کوشش کی۔ مدینہ منورہ اور سعودی عرب کے دیگر شہروں میں مقیم کئی حیدرآبادیوں نے تعزیت کا اظہار کیا۔ نماز جنازہ چہارشنبہ بعد نماز فجر مسجد نبویؐ میں ادا کی جائے گی اور تدفین جنت البقیع میں عمل میں آئیگی۔ تفصیلات فون 9391662469 ، 9848286870 پر معلوم کی جاسکتی ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT