Wednesday , December 12 2018

جناب زاہد علی خاں کا تلگو دیشم کو استعفیٰ کا خیرمقدم

ٹی ڈی پی کے دیگر قائدین کو بھی تقلید کا مشورہ : محمد فاروق حسین کانگریس ایم ایل سی

ٹی ڈی پی کے دیگر قائدین کو بھی تقلید کا مشورہ : محمد فاروق حسین کانگریس ایم ایل سی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کی سخت مذمت کرتے ہوئے جناب زاہد علی خاں کے بطور احتجاج تلگو دیشم سے مستعفی ہوجانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے تلگو دیشم کے دوسرے مسلم قائدین کو ان کی تقلید کرنے کا مشورہ دیا ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے چندرا بابو نائیڈو کو فرقہ پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بی جے پی سے اتحاد کو تاریخی غلطی قرار دیتے ہوئے مسلمانوں سے دوبارہ بی جے پی سے اتحاد نہ کرنے کا وعدہ کرنے والے چندرا بابو نائیڈو نے سیاسی لالچ میں مسلمانوں کو نظر انداز کرتے ہوئے دوبارہ بی جے پی کو گلے لگالیا ہے ۔ تلگو دیشم کا وجود ناقابل بھروسہ ہے ۔ بانی تلگو دیشم این ٹی آر نے بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 2 سے 80 تک بڑھا دی ۔ چندرا بابو نائیڈو بھی بانی تلگو دیشم کی تقلید کررہے ہیں ۔ 2002 میں گجرات فسادات کے موقع پر این ڈی اے کی تائید کرنے والے چندرا بابو نائیڈو نے مودی کی مخالفت میں کانگریس پارٹی کی جانب سے مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں قرار داد پیش کئے جانے پر تائید نہیں کی ۔ ملک پیٹ کے ایک فنکشن ہال میں ’ میناریٹی ڈیکلریشن ‘ جاری کرتے ہوئے صدر تلگو دیشم نے بی جے پی سے اتحاد نہ کرنے کا مسلمانوں سے وعدہ کیا ۔ مگر دوبارہ بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے مسلمانوں سے کئے گئے وعدے کو فراموش کردیا ہے تو تلگو دیشم کے میناریٹی ڈیکلریشن پر کیسے بھروسہ کیا جاسکتا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں اپنے وعدے پر برقرار ہیں ۔ وہ تلگو دیشم کے بی جے پی سے اتحاد پر بطور احتجاج تلگو دیشم پارٹی کی رکنیت اور پولیٹ بیورو کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ہیں اور اپنے ایمانی جذبہ کا اظہار کیا جب کہ تلگو دیشم کے دوسرے مسلم قائدین خاموشی اختیار کرتے ہوئے تلگو دیشم اور بی جے پی اتحاد کو تسلیم کررہے ہیں ۔ گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے میں چندرا بابو نائیڈو کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ اگر تلگو دیشم کے مسلمانوں میں ایمانی جذبہ باقی ہے تو وہ فوری جناب زاہد علی خاں کی تقلید کریں ورنہ مسلمان انہیں سبق سکھائیں گے ۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کانگریس کو سیکولر نظریات کی واحد جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ فرقہ پرستی کا مقابلہ کیا ہے ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سیکولرازم کو فروغ دینے اور اقلیتوں کی ترقی اور بہبود میں اہم رول ادا کررہی ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT