Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / جناب سید عمر جلیل کا آج اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود حصول جائزہ

جناب سید عمر جلیل کا آج اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود حصول جائزہ

اسکیمات پر عمل آوری حکومت کی ترجیح کے پیش نظر اسکیمات پر حکمت عملی ممکن

اسکیمات پر عمل آوری حکومت کی ترجیح کے پیش نظر اسکیمات پر حکمت عملی ممکن
حیدرآباد۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) جناب سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) کل 16جنوری بعد نماز جمعہ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کے عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے۔ تلنگانہ ریاست کو الاٹ کئے جانے کے بعد حکومت نے انہیں جناب احمد ندیم کی جگہ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود مقرر کیا ہے۔ جناب احمد ندیم سکریٹری اقلیتی بہبود کی اضافی ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے۔ اس سے قبل جناب عمر جلیل حکومت آندھرا پردیش کے اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کو پہلی مرتبہ ایسے عہدیدار کو مقرر کیا گیا ہے جسے اقلیتی بہبود کے علاوہ کوئی زائد ذمہ داری نہیں جس کے باعث وہ اقلیتی بہبود کے اُمور پر پوری توجہ مرکوز کرپائیں گے۔ اضافی ذمہ داریوں کے سبب جناب احمد ندیم کو اقلیتی بہبود کے اُمور سے نمٹنے میں دشواریوں کا سامنا تھا۔ حکومت تلنگانہ جاریہ مالیاتی سال کے بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے مختص کردہ رقومات کے زائد خرچ کو یقینی بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ خاص طور پر ’ شادی مبارک‘ اسکیم اور اسکالر شپ اور فیس بازادائیگی جیسی اسکیمات پر عمل آوری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ غریب مسلم خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر فی کس 51ہزار روپئے امداد سے متعلق اس اسکیم کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ حکومت اور رضاکارانہ تنظیموں کی جانب سے اس اسکیم کے بارے میں شعور بیداری کے سبب تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے مطابق ایس سی طبقہ کیلئے شروع کردہ اسی طرز کی ’ کلیان لکشمی‘ اسکیم کیلئے درخواستوں کے ادخال کی رفتار انتہائی سُست ہے۔ جناب عمر جلیل کیلئے اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر تیزی سے عمل آوری کو یقینی بنانا اور اقلیتی اداروں کی کارکردگی میں سدھار یقینا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ نوقائم شدہ ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کی تعلیمی و معاشی ترقی میں سنجیدہ ٹی آر ایس حکومت کو امید ہے کہ نئے اسپیشل سکریٹری کے تقرر سے محکمہ کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد جناب عمر جلیل اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور اسکیمات پر تیزی سے عمل آوری کیلئے حکمت عملی طئے کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT