Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / جناب محمود علی آج عازمین حج کے پہلے قافلہ کو وداع کریں گے

جناب محمود علی آج عازمین حج کے پہلے قافلہ کو وداع کریں گے

صدر نشین مرکزی حج کمیٹی چودھری محبوب علی قیصر نے حج ہاوز میں انتظامات کا معائنہ کیا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : حج کیمپ سے 340 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ حالت احرام میں اتوار کی صبح روانہ ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی حج ہاوز میں اس قافلہ کو وداع کریں گے ۔ بعد ازاں دوپہر 2-10 بجے ایرپورٹ پر حج 2016 کے پہلے طیارہ کو جھنڈی دکھائیں گے ۔ صدر نشین مرکزی حج کمیٹی چودھری قیصر ، ارکان اسمبلی و کونسل ، عوامی قائدین اور اعلیٰ عہدیدار اس موقعہ پر موجود رہیں گے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پہلے قافلہ میں عادل آباد کے 28، حیدرآباد کے 146 ، کریم نگر کے 12 ، کھمم کے 8 ، محبوب نگر کے 31 ، میدک کے 21 ، نلگنڈہ کے 7 ، نظام آباد کے 43 ، رنگاریڈی کے 20 اور ورنگل کے 23 عازمین شامل رہیں گے ۔ ان کے ساتھ ایک خادم الحج بھی روانہ ہوں گے ۔ آج حج کیمپ میں 22 اگست کو دوسرے دن روانہ ہونے والے دو قافلوں کے عازمین نے رپورٹنگ کی ۔ یہ قافلے صبح 6-20 بجے اور 9-30 بجے پرواز کریں گے ۔ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل حج کیمپ کے انتظامات کی نگرانی کے لیے وقتا فوقتا دورہ کررہے ہیں ۔ حج کیمپ کو ہر طرح سے مثالی اور کامیاب بنانے کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں ۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے عازمین کی خدمت کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ اس دوران صدر نشین حج کمیٹی آف انڈیا چودھری محبوب علی قیصر نے آج حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے عازمین کی روانگی کے لیے کیے انتظامات کا معائنہ کیا اور اس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں عازمین کو بہترین قسم کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے حج کیمپ کے تمام علاقوں کا دورہ کیا ۔ ہر سیکشن کا مشاہدہ کیا اور انتظامات کو مثالی قرار دیا ۔ اس موقعہ پر صدر نشین آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی جناب مومن احمد حسین ، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور رکن مرکزی حج کمیٹی محترمہ طیبہ آفندی اور دوسرے موجود تھے ۔ صدر نشین مرکزی حج کمیٹی نے کہا کہ ہندوستان سے 1.36 لاکھ عازمین فریضہ حج کے لیے جارہے ہیں ۔ جن کے رہائش کے انتظامات کرنا دشوار امر ہے ۔ اس سال حجاج کرام کی موت کی صورت میں انشورنس کی رقم 3 لاکھ روپئے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ٹور آپریٹرز کے عازمین کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک مانیٹرنگ سسٹم کی ضرورت ہے ۔ حج کمیٹی کی تشکیل میں تاخیر کے باعث ایرلائنز اور فارن ایکسچینج کے انتظامات میں کمیٹی کا رول نہیں رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ہندوستان سے آخری فلائیٹ 28 اگست کو روانہ ہورہی ہے ۔ حیدرآباد سے بھی آخری فلائٹ اسی روز روانہ ہوگی ۔۔

TOPPOPULARRECENT