Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / جناب محمود علی کا آج دورہ عثمانیہ ہاسپٹل

جناب محمود علی کا آج دورہ عثمانیہ ہاسپٹل

علاج اور طبی سہولتوں کا معائنہ اور مریضوں سے ملاقات متوقع

علاج اور طبی سہولتوں کا معائنہ اور مریضوں سے ملاقات متوقع
حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال جناب محمد محمود علی کل 7ڈسمبر کی صبح عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کا دورہ کریں گے تاکہ غریب مریضوں کو فراہم کی جارہی طبی سہولتوں کا جائزہ لے سکیں۔ جناب محمود علی اتوار کی صبح 10بجے عثمانیہ ہاسپٹل پہنچیں گے اور صحت و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ ہاسپٹل میں بنیادی طبی سہولتوں کی فراہمی اور صحت و صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر نے ہاسپٹل کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ وہ ڈاکٹرس کے ساتھ مختلف وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں سے ملاقات کریں گے اور ہاسپٹل میں دی جارہی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر صحت ڈاکٹر ٹی راجیا نے 12گھنٹے عثمانیہ ہاسپٹل میں قیام کیا تھا۔ وہ شام 6 سے صبح6بجے تک عثمانیہ ہاسپٹل میں موجود رہے اور مریضوں کے علاج اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر صحت نے ہاسپٹل میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ چونکہ ہاسپٹل میں تلنگانہ کے تمام اضلاع سے غریب اور متوسط خاندان علاج کیلئے رجوع ہوتے ہیں لہذا حکومت عثمانیہ ہاسپٹل میں طبی خدمات کی بہتری پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ تلنگانہ کے تمام سرکاری دواخانوں میں عصری علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے افراد اکثر و بیشتر عثمانیہ ہاسپٹل سے ہی رجوع ہوتے ہیں اور ان کی شکایت ہے کہ علاج پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ اس کے علاوہ مختلف معائنوں کیلئے سہولتیں دستیاب نہیں۔ ایک طرف علاج کی سہولتیں نہیں تو دوسری طرف صحت و صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں جس کا بارہا میڈیا میں انکشاف کیا جاچکا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کے اس دورہ کا مقصد دواخانہ کے انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ ایک ہفتہ میں دو ڈپٹی چیف منسٹرس کے دورہ سے عثمانیہ ہاسپٹل کے انتظامات میں نہ صرف بہتری ہوگی بلکہ غریب مریضوں کا بھلا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT