Friday , June 22 2018
Home / دنیا / جنرل بکرم سنگھ کی نیپالی صدر ‘ وزیر اعظم سے ملاقات

جنرل بکرم سنگھ کی نیپالی صدر ‘ وزیر اعظم سے ملاقات

کٹھمنڈو 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ ان دنوں نیپال کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے آج صدر نیپال رام بارن یادو اور وزیر اعظم سشیل کوئرالا سے ان کے دفاتر پر ملاقات کی اور کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین دفاعی تعاون پر بھی باتچیت کی گئی ۔ جنرل بکرم سنگھ نیپال کے دو روزہ دورہ پر آج صبح یہاں پہونچے تھے ۔ انہوں نے نیپالی فوجی سربراہ جنرل گورو شمشیر رانا سے بھی ملاقات کی ۔ ہندوستانی فوجی عہدیدار نے جنرل رانا کے ساتھ نیپالی فوجی ہیڈ کوارٹرس پہونچ کر ملاقات کی جہاں دونوں عہدیداروں نے دونوں افواج کے مابین تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا

اور ان کو مزید مستحکم کرنے اور فوجی تعاون میں وسعت پیدا کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا ۔ نیپالی فوج کے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ جنرل بکرم سنگھ نے صدر رام بارن یادو اور وزیر اعظم کوئرالا سے بھی خیرسگالی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر بھی دونوں ملکوں کے مابین دفاعی اور فوجی تعلقات کو مستحکم کرنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جنرل بکرم سنگھ نے جمعہ کو جنوبی نیپال کے شلجھنڈی علاقہ کا دورہ کرینگے جہاں دونوں ملکوں کی فوجیں مشترکہ جنگی مشقیں کر رہی ہیں۔ وہ کل ہی دہلی واپس ہوجائیں گے ۔ نیپالی فوج نے اپنے بیان میں بتایا کہ پڑوسی ملکوں کے اعلی عہدیداروں کے اس طرح کے دوروں کے نتیجہ میں ان کے تعلقات مزید گہرے اور مستحکم ہونگے ۔ دونوں ملکوں کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT