Saturday , November 25 2017
Home / ہندوستان / جنسی استحصال کے ملزم آسارام باپو علاج کیلئے دہلی روانہ

جنسی استحصال کے ملزم آسارام باپو علاج کیلئے دہلی روانہ

جودھپور، 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کمسن بچیوں کے جنسی استحصال کے الزام میں جودھپور جیل میں قید متنازعہ باپو آسارام کوآج سخت سکیورٹی میں علاج کیلئے دہلی لے جایا گیا۔سنٹرل جیل سے سخت سکیورٹی میں آسارام کوایئر پورٹ لایا گیا۔ اس دوران کسی بھی انجان شخص کو ایئر پورٹ میں داخل ہونے نہیں دیا گیا۔ اس دوران پولس نے بدامنی پھیلانے کے الزام میں دو خواتین سمیت تین افراد کو حراست میں لیا جنہیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جنسی استحصال کے ملزم متنازعہ باپو آسارام کودوپہر بعد جیٹ ایئر ویز کی اڑان سے دہلی لے جایا گیا ،جہاں کل ان کا آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں علاج کرایا جائے گا۔  سپریم کورٹ کے حکم پر ان کے علاج کے لئے ایمس لے جایا گیا ہے ، جہاں ان کی صحت کی جانچ کی جائے گی اور ضروری علاج کرایا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ آسارام پراتر پردیش کی ایک کمسن لڑکی کے ساتھ 15 اگست 2013 کو جودھپور کے نزدیک مناي آشرم میں جنسی استحصال کا الزام ہے ۔ متاثرہ کے اہل خانہ نے ان کے خلاف 20 اگست کو دہلی پولس میں معاملہ درج کرایا تھا۔ معاملے کی جانچ کرتے ہوئے راجستھان پولس نے 31 اگست کو اندور کے آشرم سے آسارام کوگرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ یہاں سنٹرل جیل میں بند ہیں۔ گزشتہ دنوں علاج کے لئے ان کی ضمانت کی درخواست پر سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کا دہلی ایمس میں علاج کرانے کا حکم دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT