Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / جنوبی اور وسطی کیلیفورنیا میں طوفان ‘ تیز ہوائیں اور شدید بارش‘2 ہلاک

جنوبی اور وسطی کیلیفورنیا میں طوفان ‘ تیز ہوائیں اور شدید بارش‘2 ہلاک

لاس اینجلس ائرپورٹ سے سینکڑوں پروازوں کی آمد و رفت متاثر۔ کچھ ہائی ویز بند کردی گئیں ۔ عوام کا تخلیہ
لاس اینجلس 18 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک طاقتور طوفان جنوبی اور وسطی کیلیفورنیا میں سرگرم ہوگیا ہے جس کے نتیجہ میں یہاں تیز ہواؤں کے ساتھ زبردست بارش ہو رہی ہے ۔ اس بارش کے نتیجہ میں یہاں کئی برقی لائینس زیر آب آگئی ہیں اور ایک شخص شاک لگنے سے فوت ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایک کار کے ڈوب جانے سے اس میں موجود ایک شخص کی بھی موت واقع ہوگئی ہے ۔ حکام نے کہا کہ بارش اور تیز ہواوں کی وجہ سے ائرپورٹس پر سینکڑوں پروازوں میں خلل پڑا ہے ۔ یہ طوفان مسلسل نمی پیدا کر رہا ہے اور اس کے اثرات پیسیفک علاقہ تک وسعت اختیار کرتے جارہے ہیں اس کے پیش نظر اطراف کے کچھ علاقوں سے احتیاطی طور پر عوام کے تخلیہ کی اپیل کی گئی ہے کیونکہ اس کے نتیجہ میں یہاں مٹی کے تودے گرسکتے ہیں اور ملبہ بہہ کر آسکتا ہے ۔ زائد از 300 پروازوں کی آمد و رفت میں تاخیر کی اطلاع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ لاس اینجلس انٹرنیشنل ائرپورٹ سے کچھ پروازوں کو منسوخ بھی کردیا گیا ہے ۔ پولیس اور محکمہ فائر کے عہدیداروں نے کہا کہ لاس اینجلس کے شرمن اوکس علاقہ میں ایک درخت گرنے کی وجہ سے پاور لائین غرقاب ہوگئی اور ایک کار متاثر ہوئی ۔

ایک 55 سالہ شخص شاک کی زد میں آگیا اور اسے دواخانہ میں مردہ قرار دیدیا گیا ہے ۔ بعد ازاں اسی علاقہ میں ایک سنک ہول میں دو کاریں غرقاب ہوگئیں۔ دوسری کار کے غرقاب ہونے کا منظر ٹی وی پر ناظرین نے راست دیکھا اور وہ بے بسی سے یہ تماشہ دیکھنے پر مجبور تھے ۔ فائر فائٹرس نے یہاں جدوجہد کرتے ہوئے پہلی کار سے ایک شخص کو بچالیا جبکہ دوسری کار سے ڈرائیور اس کے گرنے سے قبل ہی باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ اس میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ علاقہ میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں ۔ شدید بارش ہو رہی ہے اور دریاوں کی روانی میں تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔ کچھ مقامات سے مٹی کے تودے گرنے کی بھی اطلاع ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سیلاب کا پانی جمع ہوجانے سے کئی فری ویز اور ہائی ویز کو بند کردیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سانٹا باربرا میں تعلیمی مشیر رابن جانسن نے کہا کہ یہ بہت دیوانگی کا عالم ہے ۔ یہاں صرف تیز بارش ہو رہی ہے اور ہوائیں چل رہی ہیں۔ ایک سبکدوش ملازم فیونکس ہاکنس نے کہا کہ ایک موقع پر ہوا اس قدر تیز تھی کہ انہیں حیرت ہے کہ ان کی کھڑکیاں سلامت رہیں۔
اب ان کے صحن میں ایک گڑھا پڑ گیا ہے ۔ کاؤنٹی میں دوسرے مقامات پر 20 میل کی طوالت والے ایک علاقہ میں سڑک کو بند کردیا گیا ہے کیونکہ یہاں موسم گرما میں جنگل میں آگ لگ گئی تھی ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ کچھ مقامات پر ریل کی پٹریوں پر مٹی کے تودے گرگئے ہیں۔ یہاں کچھ گاڑیاں کیچڑ میں پھنس گئی ہیں اور ان میں ایک اسکول بس بھی شامل ہے ۔ایک کار سے دو افراد کو بچانے کے علاوہ ایک بس سے چار اسکولی طلبا کو بھی باہر نکالنے میں کامیابی ملی ہے ۔ علاقہ میں ایک اور سڑک پر دو فیٹ تک کیچڑ جمع ہوگیا ہے ۔ لاس اینجلس کی سن ویلی میں دس کاریں روڈ وے پر بہتے ہوئے پانی میں پھنس گئی ہیں اور 15 افراد کو بچالیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT