Saturday , December 16 2017
Home / ہندوستان / جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی زیادتیوں کیخلاف ہڑتال

جنوبی کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی زیادتیوں کیخلاف ہڑتال

سری نگر ، 19 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے حزب المجاہدین (ایچ ایم) کے ایک سرگرم جنگجو کے گھر میں مبینہ توڑ پھوڑ کے خلاف جمعرات کو ہڑتال سے معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر رہی۔ اس دوران علاقہ میں احتجاجی نوجوانوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپیں بھی ہوئیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق قصبہ ترال میں جمعرات کو دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ سیکورٹی فورسز نے گذشتہ رات نہ صرف ایک سرگرم جنگجو کے گھر میں توڑ پھوڑ کی بلکہ گھر میں موجود افراد کی بھی شدید پٹائی کردی۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح درجنوں نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل احتجاج شروع کیا۔ تاہم ریاستی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اس کے بعد طرفین کے مابین جھڑپیں بھڑک اٹھیں جن کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔

TOPPOPULARRECENT