Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / جنک فوڈ کے استعمال سے صلاحیت کی کارکردگی متاثر

جنک فوڈ کے استعمال سے صلاحیت کی کارکردگی متاثر

یادداشت، سیکھنے اور سمجھنے پر منفی اثر، آسٹریلیا میں تحقیق پر حیرت انگیز انکشافات
حیدرآباد 16 ستمبر (سیاست نیوز) یادداشت کی کمزوری،  سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت میں تخفیف ہونے کی وجہ جنک فوڈ (Junk Food) کا استعمال بھی ہے۔ گزشتہ دنوں منظر عام پر آئی ایک تحقیق کے مطابق تیار اور پیاکیج غذاؤں کے استعمال سے ذہنی کمزوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ آسٹریلیا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق دماغی صلاحیتوں میں کمی کی اہم وجہ جنک فوڈ کا استعمال ہے اور اِن غذاؤں کے استعمال سے انسانی دماغ جو دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے، اُس کا ایک حصہ کی کارکردگی نہ صرف متاثر ہوتی ہے بلکہ وہ سکڑنے بھی لگتا ہے جس سے ذہنی دباؤ والے کام انجام دینے میں دشواریاں پیدا ہونے لگتی ہیں اور یادداشت میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ ڈیکن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن (آسٹریلیا) کی جانب سے کی گئی تحقیق کے بموجب اس طرح کی غذائیں انسانی دماغ کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔ حالیہ عرصہ میں آلو چپس، پیاکٹ میں آنے والے مختلف غذائیں جیسے پاپ کان و دیگر کے استعمال میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح کے اسنیاکس اور میٹھے مشروبات بھی نقصان دہ ثابت ہورہے ہیں۔ تحقیقی مطالعہ کے بعد جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسان کے بائیں جانب کا دماغی حصہ تیزی سے متاثر ہونے لگتا ہے اور اس کے سکڑنے کے سبب کئی اعصابی امراض بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔ ذہنی بیماریوں کو روکنے کے لئے یہ ضروری ہیکہ اس طرح کے جنک فوڈ کے استعمال کو ترک کیا جائے چونکہ اس طرح کے جنک فوڈس انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ ثابت ہونے لگتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آسٹریلیا میں 60 تا 64 سال کے افراد کے دماغ کی تصویر کشی سے یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ عام طور پر اس عمر کے لوگ غیر صحتمند غذا کے استعمال کے سبب دماغی ورزش والے کاموں میں دلچسپی نہیں لے پاتے ہیں لیکن حالیہ عرصہ میں بچوں میں بھی یہ مسئلہ دیکھا جارہا ہے جس کی بنیادی وجہ غیر صحتمند غذا اور اسنیاکس کے نام پر دی جانے والی تیار غذائیں بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کررہی ہیں جوکہ بچوں میں سیکھنے کی صلاحیت کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ یادداشت اور سمجھنے کی صلاحیت کو بھی کمزور بنارہی ہے۔ بچوں کی ذہنی نشوونما کو بہتر بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ اُنھیں صحت مند غذا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور جنک فوڈ کے استعمال کو ترک کرنے کی عادت ڈالی جائے۔

TOPPOPULARRECENT