Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / جنگجوؤں کا مدد کیلئے مقامی افراد پر دباؤ: سی آر پی ایف

جنگجوؤں کا مدد کیلئے مقامی افراد پر دباؤ: سی آر پی ایف

سرینگر۔/16فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) سی آر پی ایف نے آج کہا کہ کشمیر کے بعض علاقوں میں مقامی افراد پر عسکریت پسندوں کا دباؤ ہے کہ فراری میں ان کی مدد کریں، جس سے انسداد دہشت گردی آپریشنس کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ سی آر پی ایف انسپکٹر جنرل ( آپریشنس ) ذوالفقار حسن نے ادعا کیا کہ فورسیس پرہجوم علاقوں میں تحمل کے ساتھ کام کررہی ہیں تاکہ کسی بھی نقصان کا سدباب ہوجائے اور مقامی لوگوں کو جنگجوؤں کے خطرات کا شکار نہ ہونا پڑے۔ ان کے ریمارکس فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے انتباہ کے ایک روز بعد سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسداد عسکریت پسندی آپریشنس کے دوران سیکورٹی فورسیس پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی حسن نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ حالیہ آپریشنس میں سیکورٹی فورسیس کے جانی نقصانات پرہجوم علاقوں میں پیش آئے اور فورسیس نے تحمل سے کام لیتے ہوئے کارروائی کی ہے تاکہ غیر متعلقہ افراد کو نقصان نہ ہونے پائے لیکن ہجوم ناکہ بندی توڑتے ہوئے عسکریت پسندوں کو فرار ہونے میں مدد کردیتے ہیں۔ ایسا کشمیر کے بعض علاقوں میں ہورہا ہے اور دیہاتی اور مقامی افراد جنگجوؤں کے دباؤ میں ایسا کام کرجاتے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT