Saturday , November 18 2017
Home / ہندوستان / جنگجوؤں کی لاشوں کی بے حرمتی : خاطی فوجیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

جنگجوؤں کی لاشوں کی بے حرمتی : خاطی فوجیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان

سرینگر16ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) فوج نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو جس میں فوجیوں کو لشکر طیبہ کے جنگجوؤں کی لاشوں کے ساتھ بے حرمتی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، اُس کا سنجیدگی سے نوٹ لیتے ہوئے بے حرمتی کے مرتکب فوجیوں کے خلاف مناسب کارروائی کا اعلان کیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں فوجی جوانوں کو لشکر طیبہ کے کشمیر چیف ابو اسماعیل اور اس کے ساتھی ابو قاسم عرف چھوٹا قاسم کی لاشوں کے اعضاء پر اپنے پاؤں رکھ کر تصویریں بنوانے میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کئے جارہے اس ویڈیو پر اہلیان وادی کشمیر کا شدید ردعمل سامنے آرہا ہے ۔وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ فوج نے مذکورہ ویڈیو کا نوٹ لیا ہے ۔ مرتکبین (فوجیوں) کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ لشکر چیف ابو اسماعیل کو سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی سہ پہر گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ آری باغ نوگام میں اپنے ساتھی چھوٹا قاسم کے سمیت ایک مختصر مسلح تصادم میں ہلاک کیا۔ ریاستی پولیس کا کہنا ہے کہ مارے گئے دونوں جنگجو جاریہ سال 10 جولائی کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں یاتریوں کی بس پر کئے گئے حملے میں ملوث تھے ۔ اس حملے میں کم از کم 8 امرناتھ یاتری ہلاک جبکہ دیڑھ درجن دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ لشکر طیبہ کے جنگجوؤں کی لاشوں کے ساتھ بے حرمتی سے جاریہ سال ماہ اپریل میں فوجی جیپ کے ساتھ باندھے گئے کشمیری نوجوان فاروق احمد ڈار کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر اور ویڈیو نے وادی بھر میں شدید غصے اور ناراضگی کی لہر پیدا کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT