Sunday , January 21 2018
Home / اضلاع کی خبریں / جنگ آزادی میں علماء کا ناقابل فراموش رول

جنگ آزادی میں علماء کا ناقابل فراموش رول

تانڈور میں جلسہ عام سے مولانا سعید احمد عمری کا خطاب

تانڈور میں جلسہ عام سے مولانا سعید احمد عمری کا خطاب
تانڈور۔/10اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیسک ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی تانڈور کے زیر اہتمام بعنوان ’’ ہندوستان کی جنگ آزادی میں مسلمانوں کی عظیم قربانیاں ‘‘ صمد فنکشن ہال تانڈور میں کل شام جلسہ عام منعقد ہوا۔ ڈاکٹر سعید احمد عمری مدنی صدر جمعیت الحدیث اے پی نے صدارت کی۔ جناب محمد خرم جامعی کرسپانڈنٹ دارالعلوم رحمانیہ تانڈور کے علاوہ جناب محمد خورشید حسین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور، جناب محمد خواجہ عرف پاشاہ بھائی ناظم جماعت اسلامی ضلع رنگاریڈی، جناب عبدالرزاق ٹی آر ایس لیڈر و رکن بلدیہ تانڈور نے خطاب کیا۔ مقررین نے جنگ آزادی میں بیشتر علمائے کرام کی قربانیوں کا تذکرہ کیا۔ مولانا سعید احمد عمری صدر جماعت اہلحدیث اے پی نے اپنی تقریر میں کہا کہ دارالعلوم دیوبند کے علماء نے آزادی کانعرہ بلند کیا اور انگریز حکمرانوں کے خلاف تقریریں کیں اور جیلوں میں گئے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کیلئے قربانی دینے والے علماء میں مولانا محمد علی جوہر، مولانا بشیر عثمانیہ، مولانا محمود الحسن، عبیداللہ لکھنوی وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شمالی ہند کے علماء تحریک آزادی میں شریک ہونے کے بعد ہی انگریز حکمرانوں سے چھٹکارا ملا اور آزادی کی نعمت ہمیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ آزادی میں مسلمانوں نے جو حصہ لیا ہے آج کی نئی نسل کو واقف کروانا ضروری ہے۔ اس طرح ہندوستان کے جمہوری نظام میں مسلمان بھی برابر کے حصہ دار ہیں۔ آزادی کے ثمرات میں مسلمان 4فیصد یا 12فیصد سے زیادہ کے حقدار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT