Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / جنگ آزادی میں مسلمانوں کی جدوجہد ناقابل فراموش

جنگ آزادی میں مسلمانوں کی جدوجہد ناقابل فراموش

جشن آزاد مارچ سے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔14اگست(سیاست نیوز) جنگ آزادی میں مسلمانوں کی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیںکیاجاسکے گا۔ انگریزوں کے خلاف لڑائی کو مقدس جہاد قراردیتے ہوئے فتویٰ جاری کرنے والے لاکھوں علمائوں نے ہندوستان کی آزادی کے لئے جام شہادت نوش کیا۔ 1857سے لیکر 15اگست 1947تک جاری آزادی کی جدوجہد میں مسلمانوں کی حصہ داری کو تاریخ کے اوراق سے کبھی ہٹایا نہیںجاسکے گا۔ آج کچھ طاقتیں نفرت کی بنیاد پر اشتعال انگیزی کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں مگر میری آپ تمام بالخصوص مسلم نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی سیاسی پارٹی کی اشتعال انگیزی کاشکار بننے سے گریز کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی ‘ بھائی چارے کو فروغ دینے کاکام کریں۔ آج یہاں تاریخی چارمینار کے دامن سے جشن آزاد مارچ کے دوران نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔چیرمن سٹ ون وانچارج ٹی آر ایس چارمینار اسمبلی حلقہ میرعنایت علی باقری ‘ چیرمن اقلیتی مالیتی کارپوریشن اکبر حسین‘ رکن وقف بورڈ تلنگانہ اسٹیٹ جناب وحید احمد ایڈوکیٹ‘ جناب شبیر احمد ‘عبدالمقید چندہ‘ ابرار حسین آزاد‘ ایم اے ذیشان کے علاوہ قائدین اور کارکنوں نے میںحصہ لیا۔ جشن آزادی مارچ مغل پورہ میںواقعہ جامعتہ المومنات پر اختتام پذیر ہوا۔ جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ مسلمانوں کی حب الوطنی پر کوئی شک نہیںکرسکتا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حب الوطنی اسلامی تعلیمات کا اہم جز ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اشتعال انگیزی کے ذریعہ اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوششیں کافی پرانی ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ہمیں چاہئے کہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن اور ہمارے معاشرے کی ترقی کے لئے کام کرتے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے 70سال گذرچکے ہیں اور ہمیںاس موقع پر ہر محلے میںقومی پرچم لہراتے ہوئے فرقہ پرست اور موقع پرست طاقتوں کی سازشوں کا منھ توڑ جواب دینا ہے ۔ انہوں نے اس سال مدرسوں پر قومی پرچم لہرانے کا اعلان کرنے والے مدرسو ں او رمسلم تعلیمی اداروں کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے فیصلے حوصلہ افزا اقدام قراردئے جاتے ہیں۔انہوں نے گنجان مسلم آبادی والے محلے جات میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں قومی پرچم کشائی انجام دینے کی بھی عوام سے اپیل کی ۔چیرمن میر عنایت علی باقری نے شہر کے ہر چوراہے پر قومی پرچم لہرانے مسلمانوں سے اپیل کی۔ جناب وحید احمد نے کہاکہ قومی سطح پر جس قسم کے حالات رونماہورہے ہیں ایسے میں تلنگانہ مذہبی روادری کی ایک شاندار مثال بنی ہوئی ہے ۔بعدازا ں مفتیہ نازیہ خلیل مومناتی کی لکھی ہوئی آداب ِ زندگی اور اسلامی مہینوں کے فضائل کی رسم اجرائی جناب محمد محمودعلی کے ہاتھوں عمل میںآئی ۔

TOPPOPULARRECENT