Wednesday , September 19 2018
Home / Top Stories / جنگ کے دوران جنسی زیادتی کا سبب طاقت : انجلینا جولی

جنگ کے دوران جنسی زیادتی کا سبب طاقت : انجلینا جولی

’’این جی اوز اور حکومتوں کے درمیان تعاون صفر کے مساوی‘‘

’’این جی اوز اور حکومتوں کے درمیان تعاون صفر کے مساوی‘‘
لندن، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کی معروف اداکارہ اور پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی سفیر انجلینا جولی نے اس امر پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کے ساتھ جنسی ظلم و زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومتوں اور این جی اوز کے درمیان تعاون کا ماحول پیدا نہیں ہو سکا ہے۔ ہالی ووڈ اسٹار جولی نے کہا، ’’ اس وقت دنیا میں بہت ساری این جی اوز مو جود ہیں لیکن ان کا اپنے کام کے سلسلے میں باہم رابطہ نہ ہونے کے برابر ہے، ان کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کا کوئی نظام ہے، نہ مشترکہ کام کی منصوبہ بندی کا ماحول ہے‘‘۔ ’ العربیہ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے جولی نے کہا: ’’ لندن میں چار روزہ کانفرنس میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں جنسی زیادتی کے واقعات زیر بحث آئے ہیں، کانفرنس کے آخری روز وزیر خارجہ ولیم ہیگ شریک صدرنشین کے طور پر موجود تھے

، جنہوں نے سفارشات پر عمل درآمد اور آئندہ کے اقدامات پر زور دیا تاکہ خواتین کو ظلم سے بچایا جا سکے‘‘۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اس بارے میں ’ العربیہ ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ مصیبت زدہ خواتین پر جنسی حملے قابل قبول نہیں ہیں‘‘۔ برطانوی حکام نے توقع ظاہر کی ہے اس کانفرنس کے عملی نتائج برآمد ہوں گے اور متعلقہ ممالک نہ صرف اپنے ہاں قوانین میں ترامیم کریں گے بلکہ اپنی افواج کی تربیت اور پراسکیوٹرز کی تربیت کا اس حوالے سے نظام بھی بہتر بنائیں گے۔ کانفرنس کو 15 عرب ممالک کی بھی حمایت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ اس کانفرنس سے ایک متاثرہ خاتون نے بھی خطاب کیا جسے شام میں قید کے دوران جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جولی نے کہا، ’’جنگ اور لڑائی کے دوران جنسی زیادتی کا جنسی لذت سے کوئی تعلق نہیں ؛ یہ کلی طور پر طاقت اور انتقام کا اظہار ہوتا ہے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT