جنہیں جہاد کرنا ہووہ بغدادی کی فوج میں شامل ہوجائیں:وسیم رضوی

چیرمین شیعہ وقف بورڈ مندر کیلئے نہیں خود کو بچانے ایودھیا آتے ہیں : اقبال انصاری
فیض آباد 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شیعہ سنٹرل وقف بورڈ کے چیرمین وسیم رضوی نے ایک مرتبہ پھر متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنہیں جہاد کرنا ہے وہ بغدادی کی فوج میں شامل ہوجائیں۔ جمعہ کو وسیم رضوی ایودھیا پہنچے اور وہاں انہوں نے رام للّا کے درشن کئے ،سادھو سنتوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ جو ہندوستان کو توڑنے کی بات کرتے ہیں ، انہیں افغانستان اور پاکستان چلے جانا چاہئے۔ وسیم رضوی نے کہا کہ ذاکر نائیک جیسے مولوی کی مخالفت کی جانی چاہئے ، جو ہمارے بچوں میں زہر گھول رہے ہیں۔وسیم رضوی نے مزید کہا کہ مدرسوں میں اسلامی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم بھی ہونی چاہئے۔ بابری مسجد کے معاملہ پر شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ ہم نے اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کیا ہے ، کسی مولوی کے سامنے نہیں۔ وسیم رضوی نے ایودھیا میں رام للا کا بھی درشن کیا اور وہاں کے اہم پجاری سے ملاقات کی۔خیال رہے کہ وسیم رضوی مدارس کو لے کر پہلے بھی متنازعہ بیانات دے چکے ہیں۔ دوسری طرف بابری مسجد کیس کے اہم مدعی اقبال انصاری نے وسیم رضوی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ شیعہ سنٹرل وقف بورڈ کے چیرمین ایودھیا میں رام مندر کے لئے نہیں بلکہ خود کو بچانے کے لئے آتے ہیں۔ وسیم رضوی پر الزام عائد کرتے ہوئے اقبال انصاری نے کہاکہ رضوی نے وقف بورڈ میں بڑے اسکامس کئے ہیں۔ جس کی سزا سے بچنے کے لئے وہ رام کا سہارا لے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ جمعہ کے دن ایودھیا آتے ہیں جبکہ جمعہ کے دن انھیں اپنے علاقہ میں نماز پڑھنی چاہئے لیکن وہ جمعہ کے دن ایودھیا آکر رام للّا پوجا اور ارچنا کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ وسیم رضوی نے جمعہ کے روز ایودھیا کا دورہ کیا اور وہاں رام للّا کے درشن کے بعد وہاں پجاریوں سے ملاقات کی۔

TOPPOPULARRECENT