جن دھن یوجنا : 11.5 کروڑ بینک کھاتوں کا ریکارڈ

غیر معمولی کامیابی قوم کیلئے باعث فخر، وزیراعظم مودی کا ٹوئیٹ

غیر معمولی کامیابی قوم کیلئے باعث فخر، وزیراعظم مودی کا ٹوئیٹ
نئی دہلی ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست ڈا ٹ کام) جن دھن یوجنا کے تحت اندرون چار ماہ ریکارڈ 11.5 کروڑ اکاؤنٹس کھولے گئے اور 99.74 فیصد گھرانوں کا احاطہ کیا گیا۔ اس طرح معاشی سطح پر ایک بڑی تبدیلی کی راہ ہموار ہوئی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہ بات کہی۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر اس اسکیم کو غیر معمولی کامیاب قرار دیا اور کہا کہ جن دھن یوجنا کی کامیابی نے عوام میں ایک بڑی تبدیلی کا راہ ہموار کی ہے اور اس سے ہندوستان کی ترقی میں مدد ملے گی ۔ قبل از یں وزیر فینانس ارون جیٹلی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے بیشتر حصہ کو اب بینکنگ نظام میں شامل کرلیا گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نئے کھولے گئے جن دھن اکاؤنٹس میں 9000 ہزار کروڑ روپئے سے زائد رقم جمع کرائی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال یوم آزادی کے موقع پر پہلی تقریر میں اس اسکیم کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے 26 جنوری 2015 ء تک 7.5 کروڑ غریب افراد کے کھاتے کھولنے کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن یہ نشانہ بعد ازاں 10 کر وڑ اکاؤنٹس تک پہنچ گیا ہے۔ مودی نے کہا کہ اسکیم کی غیر معمولی کامیابی ساری قوم کیلئے باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا کو اس مقصد کے تحت متعارف کیا گیا تھا کہ غریب عوام کو ہمارے مالیاتی نظام سے مربوط کیا جائے۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ حکومت ان بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ مختلف سماجی سیکوریٹی اسکیمات کے فوائد انفرادی طور پر عوام تک پہنچائے گی۔ فینانشیل سرویسس کے سکریٹری ہسمکھ ہدیا نے کہا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی جن دھن یوجنا کے تحت اس کارنامے کو تسلیم کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT