Friday , November 24 2017
Home / ہندوستان / جن لوک پال بل میں تاخیر ، عام آدمی پارٹی پر تنقید

جن لوک پال بل میں تاخیر ، عام آدمی پارٹی پر تنقید

یہ تاخیر کجریوال کابینہ میں کرپشن کے معاملوں کی بناء تو نہیں : کانگریس
نئی دہلی ، 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر دہلی کانگریس اجئے ماکن نے آج عام آدمی پارٹی حکومت پر تنقید کی کہ جن لوک پال بل میں ’’تاخیر‘‘ کی جارہی ہے اور اسے اسمبلی کے آنے والے سیشن میں پیش کرنے سے گریز ہوا ہے۔ ’’آپ کی حکومت بہت ضروری جن لوک پال کو لاگو کرانے کے معاملے میں اسمبلی کے چھ سیشن پہلے ہی ضائع کرچکی ہے،‘‘ ماکن نے اس بات کے ساتھ عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال سے اپیل کی کہ اس بل میں مزید تاخیر کرنے کے اپنے فیصلے پر ’’نظرثانی‘‘ کریں۔ جن لوک پال کے تقرر میں تاخیر پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے ماکن نے کجریوال سے استفسار کیا کہ ’’آیا یہ تاخیر آپ کی کابینہ میں کرپشن کے حالیہ معاملوں اور پیاز، شکر وغیرہ کی حصولیابی میں بے قاعدگیوں کے الزامات کی بناء پر تو نہیں ہے‘‘۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ جن لوک پال ’انڈیا اگینسٹ کرپشن‘ اور عام آدمی پارٹی کا اصل مقصد ہے جبکہ یہ پارٹی نے اُسی مخالف کرپشن تحریک سے جنم لیا ہے۔ ماکن نے کہا کہ 2013ء اور 2015ء کے دہلی اسمبلی انتخابات میں یہ عام آدمی پارٹی کا سرگرمی سے کیا گیا وعدہ ہے۔ سابقہ کجریوال حکومت نے اسی مسئلہ پر مستعفی ہوکر کانگریس کو مورد الزام ٹھہرایا تھا کہ طاقتور جن لوک پال بل کو پیش کرنے نہیں دیا جارہا ہے، پھر بھی انسدادِ بدعنوانی کا ادارہ کہیں دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT