چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، بوتھ سطح پر انتخابی حکمت عملی طے کرنے کی ہدایت، امیدوار کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور انچارج ریاستی وزراء کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے جوبلی ہلز میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کے لئے ہر کسی کو سرگرم ہو جانے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، ٹی ناگیشور راؤ، جی ویویک وینکٹ سوامی، پی سرینواس ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھن، رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو، میئر جی ایچ ایم سی وجئے لکشمی، کارپوریشنوں کے صدور نشین اور ڈیویژن انچارجس نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں عوام کو واقف کرایا جائے اور انہیں اسکیمات سے استفادہ کی ترغیب دی جائے۔ چیف منسٹر نے پولنگ بوتھ کی سطح پر انتخابی مہم کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا عوام کو بھروسہ دلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سبب جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی ترقی ممکن ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امیدوار کا انتخاب کانگریس ہائی کمان کرے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہم تمام کی ذمہ داری ہے کہ پارٹی کی کامیابی کے لئے مساعی کریں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ انچارج وزراء اور دیگر قائدین سے تال میل برقرار رکھتے ہوئے بہتر کارکردگی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں پارٹی کی کامیابی ہم تمام کا بنیادی مقصد ہونا چاہئے۔ اجلاس میں صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدر نشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، صدر نشین تلنگانہ فوڈس ایم اے فہیم، صدر نشین تلنگانہ گراندھالیہ پروفیسر ریاض، صدر نشین اسپورٹس اتھاریٹی شیواسینا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ 1