Tuesday , December 11 2018

جوبلی ہلز میں وشنو وردھن ریڈی کو کامیابی کی امید

عوام کی محبتیں دعائیں اور آشیرواد مثالی ، کانگریس امیدوار کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے کانگریسی امیدوار وشنو وردھن ریڈی کی انتخابی مہم میں صدر کانگریس راہول گاندھی اور صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے حصہ لینے سے عوام میں زبردست جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ ویسے بھی وشنو وردھن ریڈی اپنے حلقہ کے ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی تمام طبقات میں کافی مقبول ہیں ۔ خاص طور پر جوبلی ہلز کے علاقہ میں آباد آندھرائی عوام بھی ان کی تائید و حمایت میں اتر آئے ہیں ۔ وشنو وردھن ریڈی نے آج اپنے حلقہ کے مختلف ڈیویژنس کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور تائید کی اپیل کی ۔ وشنو نے بتایا کہ انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی منصوبہ بنایا ہے اور کامیابی کے ساتھ ہی اس پر موثر انداز میں عمل آوری کریں گے ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اور صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کے دورہ کے بعد عوام یہ کہنے لگی ہے کہ ریاست میں کانگریس کی زیر قیادت مہا کوٹمی ( پیپلز فرنٹ ) کا اقتدار پر آنا ضروری ہے اور یہی وجہ ہے کہ وشنو وردھن ریڈی کو عوام کی بھر پور تائید حاصل ہے ۔ وشنو وردھن ریڈی نہ صرف سماج کے تمام طبقات میں یکساں مقبولیت رکھتے ہیں نوجوانوں میں خاص طور پر وہ مقبول ہیں ۔ وشنو وردھن ریڈی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں عوام ان کا والہانہ استقبال کرتے ہیں ۔ اپنی عوامی مقبولیت کے بارے میں وشنو کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام نے انہیں جس طرح اپنی محبتوں ، دعاؤں اور آشیرواد سے نواز رہے ہیں اس سے وہ کافی متاثر ہیں اور ان کے پاس عوام کا شکریہ ادا کرنے الفاظ نہیں ہیں ۔ وشنو کے مطابق جوبلی ہلز کے عوام ان کے ارکان خاندان کی طرح ہیں اور وہ اس بات کے لیے فخر محسوس کرتے ہیں کہ عوام کی غیر معمولی تائید انہیں حاصل ہے ۔ وشنو وردھن ریڈی نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ عوام کی خدمت پوری تندہی کے ساتھ انجام دیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT