Tuesday , December 11 2018

جوبلی ہلز کے عوام کے تمام طبقات وشنووردھن ریڈی کیساتھ

کانگریس امیدوار کو کامیابی کا یقین، نوجوانوں کی تائید پر مسرور

حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز حلقہ میں کانگریس امیدوار وشنو وردھن ریڈی کی لہر چل رہی ہے۔ اس بات کا دعویٰ وشنو کے حامیوں نے کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وشنو وردھن ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تلگودیشم، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کا کیڈر مصروف ہے۔ انھیں عوام کا حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ آج وشنو وردھن ریڈی نے وینگل راؤ نگر اور سری رام نگر کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ اس دورہ میں عوام نے وشنو وردھن ریڈی کے آنجہانی والد پی جناردھن ریڈی کی عوامی خدمات کو یاد کیا اور وشنو کو یقین دلایا کہ انھیں ضرور کامیاب بنائیں گے۔ جواب میں وشنو نے عوام سے کہاکہ انھوں نے بحیثیت رکن اسمبلی عوام کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی اور اس مرتبہ بھی اسمبلی کے لئے منتخب ہونے پر عوامی خدمت سے متعلق اپنے والد کی وراثت کو برقرار رکھیں گے۔ وشنو وردھن ریڈی بلالحاظ مذہب و ملت عوام کے تمام طبقات سے ملاقات کررہے ہیں اور وہ جہاں بھی جاتے ہیں بلا لحاظ عمر لوگ ان کے اطراف جمع ہوجاتے ہیں۔ ان کے دوروں میں نوجوانوں کی کثیر تعداد کو دیکھا جارہا ہے جن میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب شامل ہیں۔ وشنو نے عوام سے خطاب میں دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں کانگریس اور کانگریس کی زیرقیادت مہا کوٹمی یا پیپلز فرنٹ کی لہر چل رہی ہے اور اس اتحاد کو ہی اقتدار حاصل ہوگا۔ انھوں نے اپنے حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز اور حلقہ کے عوام کی ترقی کے لئے خصوصی منصوبے بنائے ہیں۔ انھیں خوشی اس بات کی ہے کہ عوام کے تمام طبقات ان کی بھرپور تائید و حمایت کررہے ہیں۔ وشنو کو جہاں نوجوانوں کی تائید و حمایت حاصل ہے وہیں سرکاری ملازمین، محنت کش طبقہ، خواتین اور نئے ووٹرس (پہلی مرتبہ ووٹ کا استعمال کرنے والے) نوجوان لڑکے لڑکیوں کی تائید حاصل ہے۔ انھیں اُمید ہے کہ 11 ڈسمبر کو جوبلی ہلز کے لئے ایک اہم دن ہوگا اور عوام ان کی کامیابی کا جشن منائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT