Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوروٹ نے عالمی ریکارڈ برابر کردیا

جوروٹ نے عالمی ریکارڈ برابر کردیا

لیڈز۔26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )انگلش کپتان جوروٹ نے مسلسل 12ٹسٹ میچوں میں نصف سنچریاں بنا کر جنوبی افریقی اے بی ڈ ویلیئرز کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیاہے۔روٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 59 رنز کی اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ روٹ نے ٹسٹ کرکٹ میں سابق انگلش کپتان این بوتھم کے 5200 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔دریں اثناء دوسرے ٹسٹ میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالرس کیمر روچ اور شینن گبرائیل انگلش ٹیم پر حاوی رہے ان کی فی کس چار وکٹوں کی کارکردگی کے سامنے میزبان ٹیم بین اسٹوکس کی سنچری کے باوجود صرف 258رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں انگلش کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولروں نے ابتداء سے ہی حریف ٹیم کو مشکلات سے دوچار کر دیا جب الیسٹر کک 11 اور مارک اسٹون مین 19رنز ہی بنا سکے ،ٹام ویسٹلے تین اور ڈیوڈ مالان آٹھ رنز پر چلتے بنے تو میزبان ٹیم 71 رنز پر چار وکٹیں کھو بیٹھی تھی لیکن کپتان جو روٹ نے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر اسکور 140رنز تک پہنچادیا۔ جو روٹ نو چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنا سکے جبکہ مرد بحران جانی بیئراسٹو بھی دو رنز بنا کر واپس لوٹ گئے لیکن بین اسٹوکس نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 22 رنز بنانے والے معین علی کے ساتھ 68 رنز جوڑے اور 17 چوکوں سمیت 100 رنز بنا کر میدان سے باہر ہو گئے۔ کرس ووکس نے پانچ چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر اننگز کو تھوڑا سا سہارا دیا لیکن پوری ٹیم 258 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT