Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / جوڈو میں پاکستان کے شاہ حسین کو ریو اولمپکس میں براعظمی کوٹہ

جوڈو میں پاکستان کے شاہ حسین کو ریو اولمپکس میں براعظمی کوٹہ

کراچی ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جوڈو کے اتھلیٹ شاہ حسین شاہ اس سال برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں مقررہ اولمپک گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ سابق اولمپین باکسر حسین شاہ کے فرزند 22 سالہ شاہ حسین نے براعظمی کوٹہ کی بنیاد پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ رواں ہفتے قازقستان میں آخری کوالیفائنگ راؤنڈ میں انھیں برازیل کے رفائل بوزا کرینی کے مقابل شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم ایونٹ کے اختتام پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے جن جوڈوکاز کی فہرست ترتیب دی گئی اس میں شاہ حسین شاہ کا نام شامل ہے۔ اس ضمن میں پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سکریٹری مسعود احمد خان نے بتایا کہ شاہ حسین براعظمی کوٹہ پر ریو اولمپکس کیلئے کوالیفائی ہوئے ہیں۔ انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن ریو گیمز کیلئے کوالیفائی ہونے والے تمام جوڈو کاز کی قطعی فہرست کا اعلان 30 مئی کو کرے گی جس کی توثیق انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کی جانب سے 9 جون کو ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ وزن کی کسی ایک کیٹگری میں ایک ملک سے ایک ہی کھلاڑی کو حصہ لینے کی اجازت ہوتی ہے چونکہ 100kg سے کم کی کیٹگری میں ایک ملک کے ایک سے زائد جوڈوکاز کوالیفائی ہوئے ہیں، لہٰذا متعدد جوڈوکاز کی اس کیٹگری سے باہر ہونے کی وجہ سے شاہ حسین شاہ اپنی رینکنگ اور کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ شاہ حسین شاہ دو سال قبل گلاسگو میں دولت مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں۔ ان کے والد حسین شاہ نے 1988ء کے سیول اولمپکس کے باکسنگ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ بعد میں وہ جاپان کو منتقل ہوگئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT