Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / جڈیجہ ، اشون کی جارحانہ بولنگ ویسٹ انڈیز الیون 180 پر آؤٹ

جڈیجہ ، اشون کی جارحانہ بولنگ ویسٹ انڈیز الیون 180 پر آؤٹ

بیتیر ( سینٹ کٹس ) ۔ 15 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کے تین سرکردہ اسپنرس رویندر جڈیجہ ، روی چندرن اشون اور امیت مشرا نے ویسٹ انڈیز بورڈ پریسیڈنٹس الیون کے خلاف فائنل وارم اپ میچ کے پہلے دن ناتجربہ کار حریفوں پر مضبوط گرفت رکھتے ہوئے اس ٹیم کو 180 رن کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کردیا۔ کھیل کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم اس کے جواب میں 25.3 اوورس میں تین وکٹس کے نقصان سے 93 رن بنائی۔ کے ایل راہول 30 رن پر پورے اطمینان کے ساتھ بیٹنگ کررہے تھے جبکہ ان کے ساجھیدار چتیشور پجارا (28) آج کے کھیل کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔ ویسٹ انڈیز کے بولرس نے نئی گیند کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے ہندوستان کے دونوں اوپنرس مرلی وجئے (23) اور شکھردھون (9) کو جلد اور بہ آسانی آؤٹ کردیا لیکن آج کا دن ہندوستانی اسپنرس کا رہا ۔ جڈیجہ کو 13 اوورس میں 16 رن کے عوض تین وکٹس حاصل ہوئے ۔ انھوں نے اپنی موثر بولنگ کے ذریعہ حریف بیٹسمین کو رنز سے محروم رکھا ۔ ہندوستانی بولنگ آغاز کے بعد محمد سمیع نئی گیند سے کسی قدر بے چینی محسوس کررہے تھے اور صبح میں اپنے پانچ اوورس کے کوٹہ کے بعد مزید بولنگ نہیں کی ۔ روکی شردل ٹھاکر کو اگرچہ 24 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ ہی حاصل ہوئی لیکن ان کی لائن اور لینتھ سے بیٹسمین کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ انھیں اہم کامیابی اس وقت ملی جب کپتان لیون جانسن (3) مڈ آف پر اسٹراٹ بن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

اسٹراٹ بن جو پہلے تبدیل شدہ بولر تھے پانچ اوورس ڈالے اور شاٹی ہوپ(11) کا وکٹ لیا ۔ ہندوستانی ٹیم نے تین اسپنرس پر زیادہ بھروسہ کیا تھا اور انھوں نے اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا ۔ اشون جو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب اپنے زخموں کی تکلیف اور خوف سے پوری طرح اُبھرچکے ہیں اپنے 19.5 اوورس میں ابتدائی جانفشانی کے بعد بہتر لائن اور لینتھ کا استعمال کرتے ہوئے اوپنر جان کیمپ بل (34) کو آؤٹ کیا ۔ اس سست پچ پر اپنی پہلی کامیابی سے حوصلہ پاکر راہکیم کارن وال (41) اور گواکیش موگی (8) کو آؤٹ کیا ۔ کاروال اپنی ٹیم کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے ۔ انھوں نے 56 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سات چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے ۔ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جارحانہ تیور اپنائے ہوئے راہکیم گویا اسپنرس کے خلاف بیٹنگ حملہ پر اُتر آئے تھے ۔ انھوں نے بالخصوص امیت مشرا (2.45) کی ایک گیند پر چھکہ بھی لگایا۔ لیکن آج کے اسٹار اسپنر جڈیجہ رہے جنھوں نے 13 اوورس کے دو طویل مرحلوں میں ویسٹ انڈیز کے میڈل آرڈر کو درہم برہم کردیا۔

TOPPOPULARRECENT