Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / جگدیشور ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ کی انتخابی مہم

جگدیشور ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ کی انتخابی مہم

پارٹی قائدین و کارکنوں سے خطاب، عوامی رابطہ بڑھانے کا مشورہ
حیدرآباد۔/10جنوری، ( آئی این ایس ) مجوزہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر ریاست تلنگانہ کے وزراء جگدیشور ریڈی ( توانائی)اور جوپلی کرشنا راؤ ( صنعتیں ) نے آج شہر کے مختلف وارڈز کا دورہ کرکے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ونستھلی پورم میں بی این ریڈی ویلفیر اسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جگدیشور ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے متعدد فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات اور پراجکٹس کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا ادعا کیا کہ کے سی آر حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہروں کے طرز پر ترقی دینے کے خواہاں ہیں۔ چیف منسٹر کا یہ خواب اسی وقت مکمل ہوسکتا ہے جب گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے منعقد شدنی انتخابات میں ٹی آر ایس کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرکے بھاری اکثریت سے ان کے پارٹی قائدین کو کامیاب اور مستحکم بنائیں۔ اسی دوران جوپلی کرشنا راؤ نے عطا پور ڈیویژن میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح انجام دینے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی جی ایچ ایم سی انتخابات میں اپنی کامیابی حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی اختیار کررکھی ہے۔ انہوں نے پارٹی ورکرس پر زور دیا کہ وہ ہر ایک رائے دہندے سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنی مہم میں شدت پیدا کریں۔ وزیر صنعتیں نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ورکرس ٹی آر ایس پارٹی کی کارکردگی سے متاثر ہوکر پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ عوام میں ٹی آر ایس حکومت پر اعتماد ظاہرہورہا ہے۔ اس اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کو حکومت کے فلاحی و ترقیاتی پروگراموں سے واقف کروائیں اور ٹی آر ایس پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں۔

TOPPOPULARRECENT