Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / جگن موہن ریڈی کا آج طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جگن موہن ریڈی کا آج طوفان سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

راحت کاری کاموں میں سرعت پیدا کرنے پارٹی کیڈر کو ہدایت

راحت کاری کاموں میں سرعت پیدا کرنے پارٹی کیڈر کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( آئی این این) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی توقع ہے کہ بروز منگل کو ہدہد طوفان سے متاثرہ ساحلی آندھرا کا دورہ کر کے راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے طوفان کے پیش نظر 16 اکٹوبر کو منعقد شدنی ریاست گیر سطح کے احتجاج کو بھی ملتوی کردیا ہے ۔ جگن موہن ریڈی کل راجمندری کے لیے روانہ ہوں گے اور وہاں سے ویزاگ کے لیے دستیاب کسی بھی سواری کے ذریعہ روانہ ہو کر وہاں سے وشاکھا پٹنم ، وجیانگرم اور سریکاکلم اضلاع کا تفصیلی دورہ کریں گے ۔ دوران دورہ وہ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری اقدامات کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کی باز آبادکاری میں سرعت پیدا کرنے کے لیے مدد کریں گے ۔ یہ بات پارٹی کے سینئیر قائد دھرمنا پرساد راؤ نے بتائی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہدہد طوفان کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے پارٹی کیڈر کو ہدایت دی کہ وہ عوام سے رابطہ برقرار رکھیں اور اپنے طور پر جتنا ممکن ہوسکے متاثرہ خاندانوں کو مدد کریں ۔ اس کے علاوہ راحت کاری کاموں میں تیزی پیدا کریں کیوں کہ اتوار کو طوفان کی شدت کے باعث کاشت کار ، بافندے اور متوسط اور چھوٹے تاجرین اور دیگر پیشہ کو بھاری نقصانات پہونچے ہیں ۔ مسٹر دھرمنا پرساد نے بتایا کہ جگن موہن ریڈی کا ویزاگ سے مقامی قائدین دورہ کا انتظام کریں گے ۔ جب ان سے اس بات پر استفسار کیا گیا کہ آیا وائی ایس جگن موہن ریڈی وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے دورہ کے دوران ملاقات کریں گے ۔ اس پر انہوں نے بتایا کہ ملاقات اس وقت کے حالات پر منحصر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طوفان کے پیش نظر بافندوں کے قرضہ جات کے ضمن میں برسر اقتدار تلگو دیشم حکومت کی پہلوتہی پر مجوزہ احتجاج کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT