Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / جگن ‘ گرمیت سنگھ رام رحیم کے نقش قدم پر ‘ چندرا بابو نائیڈو

جگن ‘ گرمیت سنگھ رام رحیم کے نقش قدم پر ‘ چندرا بابو نائیڈو

حامیوں کو تشدد کیلئے اکسایا جا رہا ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش کا الزام
حیدرآباد 27 اگسٹ ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کا عصمت ریزی کے مرتکب قرار پائے ڈیرہ سچا سودا کے بابا رام رحیم سے تقابل کیا ۔ کاکناڈا میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی عوام کو تشدد کیلئے اکسا رہے ہیں جیسا کہ بابا رام رحیم نے ہریانہ میں کیا تھا ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی پر تلگودیشم پارٹی کی حکومت کے خلاف جھوٹا اور گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام تلگودیشم پارٹی کے حق میں ہیں اور جگن موہن ریڈی اپنی کوششوں میں ناکام رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے ان کے خلاف 24 مقدمات درج کئے تھے لیکن وہ خوفزدہ نہیں ہوئے تھے ۔چندرا بابو نے کہا کہ جگن چیف منسٹر کو گالی گلوج کرنے کیلئے عوام کو اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جگن جن افراد کو ان کے خلاف اکسا رہے ہیں، وہی افراد انتخابات میں جگن کو تلگو دیشم حکومت کی کارکردگی کے پیش نظر بہتر سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے جگن کے غیرشائستہ ریماکس پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جگن جیسے قائد کو سیاست میں رہنے کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگن جیسے قائدین کی دھمکیوں سے وہ خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں بلکہ اپنی تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی تیز رفتار ترقی پر مرکوز کرتے ہوئے ریاست کی مثالی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ نائیڈو نے یہ دعوی کیا کہ تلگودیشم پارٹی کاکناڈا میونسپل کارپوریشن انتخابات میں تمام ڈویژن سے کامیاب ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT