Friday , June 22 2018
Home / سیاسیات / جھارکھنڈ: حکومت کی عدم دلچسپی سے سنی وقف بورڈ مفلوج

جھارکھنڈ: حکومت کی عدم دلچسپی سے سنی وقف بورڈ مفلوج

رانچی۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ریاستی سنی وقف بورڈ پوری طرح مفلوج ہوگیا ہے۔ حکومت کی بے توجہی سے نہ صرف وقف املاک کے تحفظ میں دشواریاں ہورہی ہیں بلکہ بورڈ کے ممبران بھی سبکدوشی اختیار کرنے پر آمادہ ہیں۔ جھارکھنڈ سنی وقف بورڈ ریاستی حکومت کی بے توجہی کا شکار ہے۔ بورڈ کی نئی کمیٹی کی تشکیل کیلئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے تین سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود یہ بورڈ چیرمین سے محروم ہے۔ ایسے حالات میں بورڈ کے ممبران سبکدوشی اختیار کرنے پر آمادہ ہیں۔ واضح رہے کہ نومبر 2014ء میں سابقہ حکومت کے ذریعہ وقف بورڈ کی نئی کمیٹی کی تشکیل کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ تاہم اس کے چند دنوں بعد ہی ریاست میں اسمبلی انتخابات کا اعلان ہوگیا جس کی وجہ سے بورڈ کے چیرمین کا انتخاب نہیں کیا جاسکا۔ وہیں اسمبلی انتخابات میں نوٹیفکیشن میں شامل دو سابق ارکان اسمبلی کو شکست ہوجانے پر کامیاب ہونے والے دو نئے مسلم کانگریس امیدوار عالمگیر عالم اور عرفان انصاری کو وقف بورڈ کا ممبر اب تک نہیں بنایا گیا ہے۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ محض دو چھوٹے کمروں میں چل رہے بورڈ کے اس دفتر میں نہ تو معقول تعداد میں ملازمین ہیں اور نہ ہی فائل رکھنے کیلئے جگہ ہے۔ پانچ سال قبل دفتر میں ملازمین کی بحالی کے لئے عہدہ مختص کیا گیا لیکن اب تک ایک بھی مستقل ملازم کا تقرر نہیں ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT