Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / جھارکھنڈ کے پرنسپال کمشنر انکم ٹیکس کے قبضہ سے 3.5 کروڑ روپئے اور 5 کیلو سونا ضبط

جھارکھنڈ کے پرنسپال کمشنر انکم ٹیکس کے قبضہ سے 3.5 کروڑ روپئے اور 5 کیلو سونا ضبط

دو ریاستوں کے 23 مقامات پر سی بی آئی کے بیک وقت دھاوے، متعدد افسران اور تاجرین کے احاطوں کی تلاشی
نئی دہلی۔ 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے رشوت ستانی کے ایک کیس کے ضمن میں جھارکھنڈ کے پرنسپال کمشنر انکم ٹیکس کی کولکتہ میں واقع رہائش گاہ پر دھاوے اور تلاشی کے دوران 3.5 کروڑ روپئے نقد اور 5 کیلو سونا ضبط کرلیا۔ سی بی آئی کے ترجمان آر کے گور نے کہا کہ اس ادارہ کی طرف سے کولکتہ اور رانچی کے 23 مقامات پر جن میں پرنسپال کمشنر انکم ٹیکس تاپس کمار دتہ کی رہائش گاہ بھی شامل ہے، آج صبح کئے گئے بیک وقت دھاوؤں کے دوران یہ نقد رقم اور سونا برآمد کیا گیا۔ سی بی آئی نے کولکتہ میں 18 مقامات کی تلاشی لی جن میں کئی بزنسمین، انٹری آپریٹرس اور ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے احاطے بھی شامل ہیں۔ رانچی میں پانچ مقامات پر دھاوے کئے گئے جن میں محکمہ انکم ٹیکس کے تین عہدیداروں کے علاوہ پرنسپال کمشنر کا گھر شامل ہے۔ گور نے کہا کہ تپس کی رہائش گاہ سے 3.5 کروڑ روپئے نقد کے علاوہ 5 کیلو سونا برآمد کیا گیا جس کی صرافہ بازار میں موجودہ قیمت 1.5 کروڑ روپئے ہے۔ علاوہ ازیں کئی اہم دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ ان دھاوؤں پر ردعمل معلوم کرنے کیلئے دتہ کو ٹیکس میسیج بھیجا گیا تھا جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ کئی تاجرین اور صنعت کاروں کو جن پر محکمہ انکم ٹیکس نے بھاری محصول ادا کیا تھا، دتہ نے ٹیکس راحت دینے کی کئی کوششیں کی تھی جس کے پیش نظر ان کے خلاف یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گور نے کہا کہ دتہ نے اپنے محکمہ کے چند عہدیداروں، بزنسمین، ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور کئی انٹری آپریٹرس کے ساتھ 2016-17ء کے دوران مجرمانہ سازباز کیا تھا جس کا مقصد بھاری رشوت کے بدلے انکم ٹیکس راحت دینا تھا۔ یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس کے پرنسپال کمشنر نے ان خانگی کمپنیوں کے حق میں سازگار فائدہ بخش احکام جاری کیا تھا جو انہیں پہلے ہی بھاری رشوت دے چکے تھے۔ دتہ کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس اروند کمار، انکم ٹیکس آفیسر (ٹیکنیکل) رنجیت کمار لال، ایک اور انکم ٹیکس آفیسر اور ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ پون سوریہ کے خلاف سی بی آئی نے حال ہی میں مقدمہ درج کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT