Saturday , December 16 2017
Home / جرائم و حادثات / جھانسہ دے کر عوام کو لوٹنے والا دھوکہ باز گرفتار

جھانسہ دے کر عوام کو لوٹنے والا دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد /26 جولائی (سیاست نیوز) آن لائین انشورنس اور قرض دلانے کا جھانسہ دے کر عوام کو لوٹنے والے ایک دھوکہ باز کو سی سی ایس کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی ڈیٹکٹیو مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ 26 سالہ سنجیو کمار متوطن نئی دہلی ، خود کو سنٹرل فینانس کمپنی کا پروپرائیٹر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو ٹھگ رہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اگست 2015 میں ہری ستیش نامی شخص کو دھوکہ باز سنجیو کمار نے بذریعہ فون یہ دعویٰ کیا کہ کم شرح سود پر وہ قرض دلاسکتا ہے ۔ اسی طرح سنٹرل فینانس کمپنی کی جانب سے آشیش اگروال نامی شخص نے ستیش کو بذریعہ فون بتایا کہ انشورنس کے عوض اسے کم شرح سود پر قرض فراہم کیا جاسکتا ہے جس کے لئے اسے رجسٹریشن فیس داخل کرنی ہوگی اور دھوکہ بازوں نے ستیش کو کئی اکاؤنٹ نمبرات فراہم کئے جس کے ذریعہ ایک لاکھ  37 ہزار روپئے حاصل کرنے کے بعد اس نے اپنا موبائیل فون بند کردیا ۔ سائبر کرائم پولیس نے شکایت حاصل کرنے کے بعد دھوکہ دہی اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے دھوکہ بازوں کی تلاش شروع کردی تھی اور کال ڈیٹا ریکارڈ کی مدد سے دھوکہ باز سنجیو کمار کو نئی دہلی سے گرفتار کرلیا گیا ۔ دھوکہ بازی کے اس ریاکٹ میں مزید افراد بھی ملوث ہے جن کی سائبر کرائم پولیس کو تلاش ہے ۔

TOPPOPULARRECENT