جھوٹی اطلاع پھیلانے والے مجلسی کارکن کو عوام نے زدوکوب کیا

ملک پیٹ ، کالاڈیرہ، پھول باغ میں حریف پارٹی کی جانب سے رقم تقسیم کرنے کی جھوٹی رپورٹ

حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں رقم تقسیم کرنے کی جھوٹی اطلاع دے کر عوام اور پولیس کو گمراہ کرنے والے ایک مجلسی کارکن کو مقامی عوام نے سبق سکھایا اور حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سید علیم عرف سٹی علیم جو مجلس کا سرگرم کارکن بتایا جاتا ہے آج رات 9 بجے کالاڈیرہ پھول باغ پلے گراؤنڈ کے قریب پہونچ کر پولیس چادر گھاٹ کو یہ اطلاع دی کہ ان کے حریف پارٹی کے ارکان نقد رقم کی تقسیم میں ملوث ہیں ۔ اس اطلاع پر چادر گھاٹ پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر علاقہ کا معائنہ کیا لیکن پولیس کو کوئی بھی شخص رقم کی تقسیم میں نہیں پایا گیا ۔ پولیس کی اس ہلچل سے مقامی عوام برہم ہوگئی اور علیم سٹی کی جھوٹی اطلاع پر علاقہ میں پولیس کو طلب کرنے پر سوال کیا جس کے نتیجہ میں سٹی علیم مبینہ طور پر مقامی عوام سے بدسلوکی کی اور 25 حامیوں کی مدد سے حملہ بھی کیا ۔ اتنا ہی نہیں حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے آزاد امیدوار سمیع اللہ شریف جو اسی علاقہ میں مقیم ہیں کے مکان پر علیم سٹی پہونچ گیا اور انہیں دھمکانے لگا ۔ مقامی عوام نے اس رویہ کے خلاف سٹی علیم پر حملہ کردیا ۔ جس کے جواب میں علیم نے آزاد امیدوار سمیع اللہ شریف ان کے بھائی شفیع اللہ شریف ، ذکی اللہ شریف ، ان کی بھتیجی فرحانہ النساء اور چنچل گوڑہ کے ساکن تبریز خان پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ زخمی ہوگئے ۔ عوام کے حملہ میں علیم سٹی کو بھی سرپر گہرا زخم آیا اور اسے علاج کیلئے یشودھا ہاسپٹل ملک پیٹ منتقل کیا گیا جبکہ سمیع اللہ شریف اور ان کے افراد خاندان کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ۔ سمیع اللہ شریف نے دواخانہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سٹی علیم گزشتہ چند دنوں سے انہیں ہراساں کررہا تھا اور اپنا پرچہ نامزدگی واپس لینے کیلئے دباؤ ڈال رہا تھا ۔ سمیع اللہ نے علیم پر مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پھول باغ علاقہ میں غیرضروری پولیس کے ذریعہ ہراساں کرنے پر عوام نے انہیں یہ منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ پولیس چادر گھاٹ نے اس واقعہ سے متعلق دو علحدہ مقدمات درج کئے ہیں اور ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون مسٹر ایم رمیش کی زیرنگرانی کیس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ اس معاملہ کی تفصیلی تحقیقات کی جائے گی اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT