Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / جھوٹ بولنے میں مودی اور کے سی آر بڑا بھائی ، چھوٹا بھائی

جھوٹ بولنے میں مودی اور کے سی آر بڑا بھائی ، چھوٹا بھائی

نوٹ بندی سے کالا دھن کتنا حاصل ہوا ، مودی واضح کرنے سے قاصر ، تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کا راج
کانگریس کیڈر کو مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف جمہوری جنگ لڑنے کے لیے تیار رہنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے ایک روزہ تربیتی کلاس سے پارٹی کیڈر میں جوش و خروش دیکھا گیا ۔ پارٹی کے قومی قائدین نے قومی اور علاقائی مسائل پر نریندر مودی اور کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ شہ نشین پر مدعو نہ کرنے پر کومٹ ریڈی برادرس کے حامیوں نے اتم کمار ریڈی ہٹاؤ کانگریس بچاؤ کے نعرے لگاتے ہوئے تھوڑی دیر کے لیے ہلچل مچادی اور اجلاس سے لوٹ گئے ۔ اے آئی سی سی کے قومی ترجمان رن دیپ سنگھ سرجیوالہ نے سفید جھوٹ بولنے کے معاملے میں وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو بڑا بھائی چھوٹا بھائی قرار دیا ۔ نوٹ بندی سے ملک کا معاشی نظام اتھل پتھل ہوجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی سے کالا دھن کتنا برآمد ہوا ہے ۔ وزیراعظم نے ابھی تک اس کی وضاحت نہیں کی ۔ عوام کی تکالیف کا وزیراعظم کو احساس نہیں ہے ۔ تلنگانہ میں کے سی آر کا خاندانی راج چلنے کا الزام عائد کیا ۔ عوامی مسائل کو فراموش کرتے ہوئے پرگتی بھون اور نیا سکریٹریٹ تعمیر کرنے کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے کانگریس کیڈر کو مودی اور کے سی آر کے خلاف جمہوری جنگ لڑنے کے لیے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ شمس آباد کے ملیکا کنونشن میں منعقد تربیتی کیمپ کی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے صدارت کی ۔ اس موقع پر سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان ، تلنگانہ کے انچارج آر سی کنٹیا ، اے آئی سی سی سکریٹری ستیش ، سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) ، محمد علی شبیر ( کونسل ) ، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدور پونم پربھاکر ، ملو روی ، جنرل سکریٹریز ایس کے افضل الدین ، سید عظمت اللہ حسینی ، عظمیٰ شاکر ، ترجمان سید نظام الدین ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ کانگریس کے تمام قائدین موجود تھے ۔ سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ نریندر مودی کے دور حکومت میں بدعنوانیاں 67 فیصد بڑھ گئی ہیں ۔ جب کہ کرپشن فری کا نعرہ دیتے ہوئے اقتدار حاصل کیا گیا تھا ۔ راتوں رات نوٹ بندی کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک کے معاشی ڈھانچے کو نقصان پہونچایا گیا اور عوام کو اپنے ہی پیسے حاصل کرنے کے لیے لاچار و بے بس کردیا گیا ۔ اس فیصلے سے ہندوستانی معیشت برباد ہوگئی ہے اور شرح ترقی گھٹ گئی ہے ۔ ساتھ ہی چھوٹی اور متوسط صنعتوں میں کام کرنے والے 35 فیصد افراد ملازمتوں سے محروم ہوگئے ہیں ۔ چند ماہ تک زندگی تھم سی گئی تھی عوام پریشان حال ہیں ۔ وزیراعظم بیرونی ممالک کی سیر و تفریح میں مصروف ہیں ۔ سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے کہا کہ خوبصورت جھوٹ بولنے اور عوام کو دھوکہ دینے کے معاملے میں نریندر مودی اور کے سی آر میں مسابقت چل رہی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسلمانوں اور قبائلوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے، دلتوں میں 3 ایکڑ اراضی فراہم کرنے ، ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے اور بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں جب کہ کانگریس کے دور حکومت میں جو بھی وعدے کئے گئے تھے اس کو پورا کیا گیا تھا ۔ تاہم کے سی آر نے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور کا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ انہوں نے آر ایس ایس کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ غیر اہم موضوعات کو موضوع بحث بناتے ہوئے حالت کو کشیدہ بنایا جارہا ہے اور حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی سازش کی جارہی ہے ۔ جئے پال ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی برائے نام وزیراعظم ہیں ۔ ساری حکمرانی آر ایس ایس کررہی ہے ۔ جس نے کبھی جنگ آزادی میں حصہ نہیں لیا اور نہ ہی قومی ترانے کو قبول کیا ۔ 2002 تک آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹر ناگپور پر قومی پرچم بھی نہیں لہرایا گیا ۔ کانگریس کے تربیتی پروگرام میں اس وقت گڑبڑ شروع ہوگئی جیسے ہی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کو تقریر کے لیے مدعو کیا گیا ۔ ضلع نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے کومٹ ریڈی برادرس کے حامیوں نے احتجاج کیا ۔ اتم کمار ریڈی ہٹاؤ کانگریس بچاؤ کے نعرے لگائے ۔ رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور رکن قانون ساز کونسل راج گوپال ریڈی کو شہ نشین پر طلب نہیں کیا گیا ۔ دو گھنٹوں تک پارٹی کارکنوں کے درمیان بیٹھنے والے کومٹ ریڈی برادرس نے اتم کمار ریڈی کی تقریر شروع ہوتے ہی اپنے حامیوں کے ساتھ واپس ہوگئے ۔ چیف منسٹر پڈویچری نارائن سوامی نے بھی اجلاس سے خطاب کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT