Saturday , November 25 2017
Home / دنیا / جہادی جان کو ہلاک یا پکڑنے کی کوشش تیز : کیمرون

جہادی جان کو ہلاک یا پکڑنے کی کوشش تیز : کیمرون

لندن 24 ۔ اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے برطانیہ کے انٹلیجنس نٹورک اور اسپیشل فورسیس کو یہ حکم دیا ہے کہبرطانوی نژاد آئی ایس دہشت گرد ’’جہادی جان‘‘ کو پکڑنے یا ہلاک کرنے کی کوششیں دوگنی کردیں۔ ایک دن قبل جہادی جان نے برطانیہ واپسی اور وہاں سرقلم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا انتباہ دیا تھا ۔ جہادی جان کی محمد اموازی کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے اور تازہ ویڈیو میں پہلی مرتبہ اُس کا چہرہ دکھائی دیا ۔ اس ویڈیو میں جہادی جان نے کہاکہ وہ برطانیہ واپسی کا منصوبہ رکھتا ہے تاکہ داعش کی جاری ہلاکتوں کا سلسلہ قائم رکھا جاسکے ۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے جاسوسوں کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ 27 سالہ کمپیوٹر پروگرامر سے جلاد بن جانے والے جہادی جان کو ہلاک یا گرفتار کرے ۔ وہ ملک شام میں کئی برطانوی یرغمالیوں کا سر قلم کرنے کا بھی ذمہ دار ہے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق کیمرون اس وقت روزمرہ کے اجلاس میں اکثر پہلا سوال جہادی جان کی تلاش کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ کئی ماہ قبل انٹلیجنس سربراہ نے کہا تھا کہ انھیں یقین ہے کہ وہ اس دہشت گرد کا پتہ چلا لیں گے اور سمجھا جاتا ہے کہ اس ضمن میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے ۔ برطانیہ کی انٹلیجنس اور دیگر اسپیشل فورسیس سرگرمی سے عراق ، شام یہاں تک کہ لیبیا میں گزشتہ چند ماہ سے خفیہ مشن پر ہے ۔ آئی ایس کے کئی جنگجوؤں کو اب تک ہلاک کیا جاچکا ہے ۔ جاریہ سال فبروری میں کیمرون نے کہا تھا کہ دنیا میں کسی بھی مقام پر اگر کوئی برطانوی شہریوں کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کرے تو ہم کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ پولیس ، سکیورٹی سرویسیس کے ذریعہ ہم ان افراد کو تلاش کرلیں گے اور اُن کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ کیمرون نے کہا کہ اُن کی اولین ترجیح بھی یہی ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT