Thursday , April 26 2018
Home / شہر کی خبریں / جیوتی با پھولے کو حکومت اورسیاسی جماعتوں کا خراج عقیدت

جیوتی با پھولے کو حکومت اورسیاسی جماعتوں کا خراج عقیدت

حیدرآباد۔/11 اپریل، ( این ایس ایس ) سماجی مصلح جیوتی با پھولے کو ان کی 191 ویں پیدائش کے موقع پر حکومت تلنگانہ، مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظموں کی طرف سے پراثر خراج عقیدت ادا کیا گیا۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں آنجہانی پھولے کے پوٹریٹ پر پھول مالا چڑھاتے ہوئے خراج عقیدت ادا کیا۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے آبائی مقام چنتہ ماداکا میں ایک اقامتی اسکول شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ سدی پیٹ ویمنس لائبریری کو جیوتی با پھولے کی شریک حیات آنجہانی ساوتری بائی پھولے سے موسوم کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں پھولے کے نظریات پر عمل کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق سرکاری سطح پر جیوتی با پھولے جینتی تقاریب منائی جارہی ہیں۔ وزیر افزائش مویشیاں کے سرینواس یادو نے بالخصوص تعلیمی شعبہ میں پھولے کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین نے عنبرپیٹ میں پھولے کے مجسمہ کی گلپوشی کی۔ بی جے پی کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں ریاستی یونٹ کے صدر کے لکشمن نے پھولے کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے قائدین نے اپنی پارٹی کے دفتر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں غریبوں کے کاز کیلئے جدوجہد کرنے والے جیوتی با پھولے کو خراج عقیدت ادا کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT