Tuesday , September 18 2018
Home / Top Stories / جیکب زوما جنوبی افریقہ کے صدارتی عہدے سے مستعفی

جیکب زوما جنوبی افریقہ کے صدارتی عہدے سے مستعفی

سائرل راما فوسا نئے صدر نامزد
جنوبی افریقہ کے حالات پر امریکہ کی نظر

جوہانسبرگ 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما نے کل اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی بدعنوانی کے الزامات میں ملوث ان کے نو سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔75 سالہ مسٹر زوما نے استعفی دینے سے قبل ملک کے عوام کو خطاب کیا۔ انہوں نے آدھے گھنٹے کے اپنے خطاب میں کہا کہ افریقن نیشنل کانگریس (اے این سی) نے گزشتہ دسمبر میں سائرل رامافوسا کو پارٹی کا صدر منتخب کرنے کے بعد انہیں ہٹانے کا جو طریقہ اپنایا اس سے وہ غیرمتفق صدر جیکب زوما کے استعفیٰ کے بعد حکمران پارٹی نے نئے صدر کاانتخاب کرتے ہوئے سائرل راما فوسا کو ساؤتھ افریقہ کا نیا صدر نامزد کر دیا۔برطانوی میڈیانے دعویٰ کیا ہے کہ جیکب زوما کے مستعفیٰٰ ہونے کے بعد حکمران جماعت ‘افریقی نیشنل کانگریس’ نے راما فوسا کو نیا صدر منتخب کرلیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق نئے صدر کو ملک کے بحرانوں سے نمٹنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ساؤتھ افریقہ میں نسل پرست حکومت کا خاتمہ ہوئے 23برس گزرچکے ہیں اس کے باوجود ملک میں وسائل ،پیداوار اور دولت کثرت سے باقی ہے لیکن ساتھ ہی لوگوں میں ناقابلیت ، تفریق اور غربت بھی موجود ہے اگر چہ اے این سی حکومت نے لاکھوں لوگوں کو بنیادی سہولت گھربار اور دیگر فراہم کیا ہے لیکن اس کے باوجود وہ توقعات پر پورا نہیں اترسکے ۔ہزاروں کی تعداد میں لوگ آج بھی بغیر بجلی کے زندگی گزار رہے ہیں حفظان صحت کا نظام تہس نہس ہوچکا ہے ، اسکول اور ہیلتھ کیئر کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں، ایک حالیہ سروے کے مطابق جنوبی افریقہ میں 10میں سے 8بچے باضابطہ غیر تعلیم یافتہ نکلتے ہیں جس کی وجہ سے جرائم کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔جنوبی افریقہ کے دوسرے بڑے شہر کیپ ٹاؤن میں پانی کی کمی کا امکان بڑھ گیا ہے ، حکومتی رپورٹ کے مطابق 2002سے 2016تک بے روزگاری 27.7 فیصدبڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں 68فیصد نوجوان طبقہ ہے ، معاشی صورتحال بھی تباہ کن ہے ۔صدر زوما کے استعفیٰ نے ملک میں بحران پیدا کردیا ہے نئے آنے والے صدر کے لیے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانا بڑا چیلنج ہوگا۔دریں اثناء امریکہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ حکمران افریقی نیشنل کانگریس کے دباؤ کی وجہ سے مسٹر جیکب زوما کے صدر کے عہدہ سے استعفی دینے کے بعد وہاں کے سیاسی حالت پر نظر بنائے ہوئے ہے ۔وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے کہاکہ ہم لوگ کو مسٹر زوما کے استعفی کے بارے میں باخبر ہیں اور باہمی مفادات کے ساتھ جنوبی افریقہ کی سیاسی صورت حال پر نظر بنائے ہوئے ہیں. یہ ایک داخلی معاملہ ہے جو جنوبی افریقہ کے منتخب قیادت کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT